جمعہ 17 مئی 2024

’اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے‘ سکواڈ سے ڈراپ ہونے پر محمد حفیظ کی ٹویٹ، علی ظفر نے ان سے کیا پوچھا؟ سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہو گئی

لاہور (دھرتی نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راﺅنڈر محمد حفیظ جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ سے ڈراپ ہونے پر سخت مایوس ہیں جبکہ گلوکار علی ظفر بھی انہیں ٹیم سے باہر نکالے جانے کی وجہ تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اعلان کردہ سکواڈ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے قرآن کی آیت لکھی جس کا ترجمعہ یہ ہے کہ ’اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔‘

دوسری جانب سپورٹس جرنلسٹ سلیم خالق نے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا کہ محمد حفیظ کو وزیراعظم کے سامنے بے روزگار کرکٹر کا مقدمہ پیش کرنے کی سزا ملی ہے۔ انہوں نے لکھا ’محمد حفیظ جیسا ان فارم کھلاڑی کسی اور ملک میں ہوتا تو وہاں کا کرکٹ بورڈ اسے سر آنکھوں پر بٹھاتا مگر چونکہ انہوں نے بے روزگار کرکٹرز کا مقدمہ وزیراعظم کے سامنے پیش کیا جس سے کرکٹ حکام کی انا کو ٹھیس پہنچی، اس لئے انہیں باہر کرنے کیلئے صرف ایک موقع کا انتظار ہے جو شاید اب مل گیا ہے۔‘

پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر بھی انگلینڈ اور پھر نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد حفیظ کو سکواڈ سے باہر کئے جانے پر نالاں ہیں اور وہ بھی یہ جاننے کے خواہاں ہیں کہ آخر انہیں ٹیم سے باہر کیوں کیا گیا۔ انہوں نے سلیم خالق کی اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے محمد حفیظ کو ٹیگ کیا اور ان سے پوچھا ’کیا یہ واقعی سچ ہے‘۔ البتہ محمد حفیظ نے اس معاملے پر کوئی واضح جواب دینے کے بجائے ان کے سوال کو محض لائک کرنا ہی مناسب سمجھا۔

Facebook Comments