پیر 29 اپریل 2024

اسلام آباد: یتیم بچوں کیلیے سعودی عرب کے اسکول میں داخلے شروع

یتیم بچوں

اسلام آباد(دھرتی نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سعودی عرب کی جانب سے یتیم بچوں کے لیے قائم پرائمری اسکول میں داخلوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

خلیجی اخبار کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے قائم اسکول دار علی بن ابی طالب یتیم بچوں کی مفت تعلیم کے لیے فیڈرل بورڈ سے منظور شدہ انگلش میڈیم اسکول ہے۔

سعودی عرب کی جانب سے قائم اسکول میں مفت تعلیم، مفت ہاسٹل اور مفت کھانے پینے سمیت دیگر سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔

اخبار کے مطابق اسکول کے پرنسپل کا کہنا ہے کہ داخلے کے خواہش مند طالبعلم کے لیے ضروری ہے کہ وہ داخلہ ٹیسٹ پاس کرے۔

داخلے کے خواہش مند طالبعلم کی عمر چھ سے 12 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ اس ضمن میں ایک بیان حلفی درکار ہوتا ہے۔ داخلہ فارم اسکول سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

طے شدہ طریقہ کار کے تحت طالبعلم کے کاغذات جمع ہونے اور ٹیسٹ ہونے کے بعد جو طلبہ میرٹ پہ پورے اترتے ہیں انہیں سعودی عرب ہیڈ آفس سے تصدیق کے بعد فون کرکے بلایا جاتا ہے۔

خلیجی اخبار کے مطابق اس وقت دار علی بن ابی طالب میں 200 سے زائد یتیم طلبا و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

Facebook Comments