جمعہ 26 اپریل 2024

جمال خاشقجی کا قتل: امریکی رپورٹ پر پاکستان کا ردعمل بھی سامنے آ گیا

جمال خاشقجی کا قتل

سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی انٹیلی جنس رپورٹ پر پاکستان کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث کرداروں کو سزا دلوانے کے لیے اقدامات اٹھائے، سعودی حکومت نے اس معاملے میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی سعودی عرب کی کاوشوں کو تسلیم کرتا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان قانون کی پاسداری اور قومی سالمیت و بقا کا احترام کرتا ہے، پاکستان تمام اقوام عالم کی جانب سے انسانی حقوق کی پاسداری کو فروغ دینے کا حامی ہے۔

خیال رہے کہ امریکا نے دو روز قبل سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹ دو سال بعد جاری کی تھی جس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا لیکن سعودی عرب نے امریکی رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹ اور غلط بیانی پر مبنی قرار دیا تھا۔

Facebook Comments