جمعہ 03 مئی 2024

پالتو کتے نے مالکن کو مار ڈالا

پالتو کتے

برمنگھم(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) لندن کے شہر برمنگھم میں پالتو کتے نے مالکن کو ہی مار ڈالا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برمنگھم میں 25 سالہ مالکن کیرا لاڈلو پر گھر پر اکیلی تھی اور آرام کر رہی تھی کہ کتے نے اچانک حملہ کر دیا جس کے باعث خاتون ہلاک ہو گئی۔

پولیس کے مطابق خاتون پر کتے کا حملہ انتہائی دردناک تھا اور اس کے جسم کے مختلف حصوں پر کتے کے کاٹنے کے نشانات تھے۔ کتے کو پولیس نے قبضے میں لے لیا جبکہ گھر میں کوئی اور شخص موجود نہیں تھا۔

خاتون کے رشتے دار نے بتایا کہ کیرا لاڈلو کا پرانا کتا کینسر کی وجہ سے مر گیا تھا جس کے بعد وہ قریبی پارک میں موجود اس کتے کو اپنے گھر لے آئی تھی۔

عام طور پر کتے بہت زیادہ چوکنا ہو کر حفاظت کا کام کر رہے ہوتے ہیں لیکن بعض اوقات ان کا ماضی ان سے کچھ بھی کروا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق جب کتے نے خاتون پر حملہ کیا تو خاتون مدد کے لیے چلائی تھی اور اس وقت کتے کی بھی آواز بہت تیز تھی۔

ہلاک ہونے والی خاتون کے پڑوسیوں نے شور کی آواز سن کر پولیس کو اطلاع دی لیکن پولیس کے پہنچنے سے پہلے کتا خاتون کو بری طرح سے زخمی کر کے مار چکا تھا۔

خاتون کے پڑوسیوں کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی ہولناک واقعہ ہے اور ہمیں یقین ہی نہیں آ رہا کہ کسی کا پالتو کتا اس طرح بھی کر سکتا ہے۔

Facebook Comments