جمعہ 26 اپریل 2024

جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20 سیریز، نوجوان بلے باز حیدر علی نے کیا تیاری کر رکھی ہے؟

لاہور (دھرتی نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز حیدر علی نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20 سیریز میں مداحوں کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق نوجوان بیٹسمین حیدر علی نے کہا کہ محمد یوسف کی رہنمائی سے مجھے سیکھنے کا موقع ملا، سٹروک سلیکشن اور ٹمپرامنٹ بھی بہتر بنانے میں مدد ملی، سابق سٹار نے بتایا کہ اگر چند ڈاٹ بال بھی ہوجائیں تو پریشر نہ لیں، کریز پر رکتے ہوئے اچھے سٹروکس سے رن ریٹ بہتر رکھنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہوم کنڈیشنز کا اچھا اندازہ ہوتا ہے، اس لئے بہتر کارکردگی دکھانے میں مدد ملے گی اور اگر کپتان بابر اعظم کے ساتھ اوپننگ کا موقع ملا تو اس کیلئے بھی تیار ہوں، ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کا چیلنج قبول کروں گا، پرستاروں کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش ہوگی۔

 حیدر علی نے کہا کہ جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کے بعد ٹی 20 سیریز میں بھی کلین سوئپ کرنے پر ٹیم کی نگاہیں مرکوز ہیں، ہر پلیئر کی طرح میرا بھی خواب ہے کہ فتوحات میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کروں۔

Facebook Comments