جمعہ 26 اپریل 2024

پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا دبنگ اعلان

لاہور (دھرتی نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو مرتبہ کی چیمپین اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 20 فروری سے شروع ہونے والے چھٹے سیزن میں عمدہ کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق اقراءیونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ہماری ٹیم زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، دوسال سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی کارکردگی بہتر نہیں رہی لیکن اس سال کوشش ہوگی کہ اچھی کارکردگی دکھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیزن میں کافی چیلنجز کا سامنا رہا تھا، ہماری بیٹنگ کے شعبہ میں کارکردگی تو بہتر رہی تھی تاہم باﺅلنگ میں غلطیاں ہوئیں تھیں لیکن اب اگلے سیزن کیلئے بہتر لائحہ عمل تیار کرلیا ہے اور کوشش ہوگی کہ سابقہ غلطیاں کو نہ دہراتے ہوئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

 شاداب خان نے کہا کہ میں دو برس سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کررہا ہوں، کپتان بننا خواب ہوتا ہے اور اللہ نے میرے خواب کو پورا کیا، حسن علی کی شمولیت سے ہمارا سکواڈ مضبوط ہوگیا، حارث رؤف سے بھی اچھی امیدیں ہیں، پی ایس ایل 6 کیلئے ڈرافٹ میں اپنے مطلوبہ کھلاڑیوں کا ملنا بھی ہمارے لئے سود مند رہے گا۔

ایک سوال کے جواب میں شاداب خان نے کہا کہ کرکٹ مقابلوں میں تماشائی موجود نہ ہوں تو کھیلنے کا مزہ نہیں آتا، میچز میں جب ہمارے مداح پذیرائی اور حوصلہ افزائی کرتے ہیں تو بہت اچھا لگتا ہے، اب پی ایس ایل میں 20 فیصد تماشائیوں کیلئے سٹیڈیمز کے دروازے کھلنا مسرت کن ہے لیکن میچز کے موقع پر کوویڈ 19 کی وجہ سے تماشائیوں کو سماجی فاصلے سمیت تمام ایس ایس پیز پرعمل کرنا ہوگا۔

 قومی کپتان بابر اعظم کے حوالے سے سوال کے جواب میں شاداب خان نے کہا کہ بلاشبہ بابر اعظم اس وقت دینا کے بہترین بیٹسمینوں میں شمار کئے جاتے ہیں اور اس حوالے سے کوئی دو رائے نہیں تاہم بطور کپتان بابر اعظم ابھی سیکھنے کے عمل سے گزررہے ہیں، جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کامیابی ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اظہارکرتی ہے اور توقع ہے کہ وقت گزرنے کیساتھ ساتھ بابراعظم کی کپتانی کی اہلیت میں بتدریج بہتری آتی چلی جائے گی۔

Facebook Comments