اتوار 28 اپریل 2024

فیکٹری مزدور کی انگریزی میں کرکٹ کمنٹری نے سب کو حیران کردیا

فیکٹری مزدور

لاہور کے ایک فیکٹری مزدور نے دنیائے کرکٹ کے بہترین کمنٹریٹرز کے انداز میں کرکٹ گراؤنڈ کی جاندار صورتحال پر  انگریزی میں تبصرہ کر کے شائقین کرکٹ کے دل میں اپنے لیے خاص جگہ بنا لی۔

جڑانوالہ کے رہائشی زاہد اقبال پیشے کے لحاظ سے ویلڈر ہیں اور لاہور کی ایک فیکٹری میں کام کر کے روزی روٹی کماتے ہیں۔

زاہد اقبال کرکٹ کے جنون میں مبتلا ہیں اور شوق ایسا کہ بچپن میں بھینسیں چرانے اور کھیتوں کو پانی دینے کے دوران ریڈیو پر کرکٹ کی کمنٹری سنتے رہے، خدادا صلاحیت ایسی کہ بڑے بڑے کمنٹیٹرز کی کامیاب نقل اتار لیتے ہیں۔

زاہد اقبال لاہور قلندر کے بہت بڑے فین ہیں اور قلندرز کے چیئرمین فواد رانا کی میچ کے دوران روایتی تاثرات کی منظر کشی بھی خوب کرتے ہیں اورکہتے ہیں کہ پی ایس ایل میں لاہور قلندر کو سپورٹ کریں گے۔

زاہد اقبال کا کہنا ہے کہ کبھی اسٹیڈیم میں میچ نہیں دیکھا، بچپن میں انڈے بیچنے کیلئے اسٹیڈیم گئے تو پولیس نے مار بھگایا۔

زاہد اقبال نے خواہش کا اظہار کیا کہ فواد رانا  لاہورز قلندر کے میچوں کیلئے کمنٹری کا موقع دیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا سکیں۔

Facebook Comments