ھفتہ 27 اپریل 2024

حلیم عادل شیخ کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج

حلیم عادل شیخ

کراچی(دھرتی نیوز) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے خلاف مقدمہ میمن گوٹھ تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق حلیم عادل شیخ کے خلاف درج کیے گئے مقدمے میں دہشت گردی، کار سرکار میں مداخلت اور ہوائی فائرنگ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کے خلاف مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا ہے اور انہیں آج دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حلیم عادل شیخ کو گزشتہ روز پولیس نے ملیر سے اس وقت گرفتار کیا تھا، جب وہ ضمنی انتخابات کے دوران کیمپس کا دورہ کر رہے تھے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے انہیں انتخابی حلقے سے باہر نکالنے کا حکم دیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن  نے کہا تھا کہ حلیم عادل شیخ کو سرکاری پروٹوکول اور اسلحے کے ساتھ گھومنے پر حلقہ سے بے دخل کیا جائے۔

پولیس نے حلیم عادل شیخ کو دو پرانے مقدمات میں گرفتار کیا تھا تاہم گرفتاری کے بعد ان پر ایک اور مقدمہ درج کیا گیا۔

اس سے قبل سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا تھا کہ حلیم عادل شیخ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنا چاہیے۔ حلیم عادل شیخ کی جانب سے پولنگ کے عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی اور الیکشن کمیشن کو پولیس کو درخواست دینی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے مقدمہ درج کرنے کے لیے تھانے میں درخواست دی ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے حلیم عادل شیخ کو نکالنے کا اقدام دیر سے اٹھایا۔

Facebook Comments