پیر 20 مئی 2024

سینیٹ الیکشن: کے پی سے ثانیہ نشتر اور فرحت اللہ بابر سمیت بیشتر امیدواروں کے کاغذات منظور

سینیٹ الیکشن

الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے پہلے روز پی ٹی آئی کی امیدوار ثانیہ نشتر اور پیپلزپارٹی کے امیدوار فرحت اللہ بابرکے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 36 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کی گئی۔

الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے پہلے روز  جنرل نشستوں پر ہدایت اللہ خان، فیصل سلیم الرحمان، دوست محمد خان، نجی اللہ خٹک،حامد الحق، ڈاکٹر عطاالرحمان ،تاج محمد آفریدی اور نصراللہ وزیر کے کاغذات منظور کرلیے گئے  جب کہ عباس آفریدی کے کاغذات پر فیصلہ محفوظ کرکے آج دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے۔

خواتین کی نشستوں پر نعیمہ کشور خان، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، تسلیم بیگم، فرح خان، فرزانہ جاوید، شازیہ طہماس، فلک ناز، عنایت بیگم اور مسرت جبین کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔

 ٹیکنو کریٹ کی نشستوں کے لیے ڈاکٹر محمد ہمایوں، ڈاکٹر محمد اقبال خلیل ، بیرسٹر محمد علی سیف، دل روز، انجینئر حامد الحق، نصراللہ  وزیر، فرحت اللہ بابر اور زبیر علی کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ محفوظ کرکے انہیں  دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے۔

ریحان عالم خان، ڈاکٹر شوکت جمال، امیر زادہ اور دوست محمد محسود کے کاغذات نامزدگی پر بھی فیصلہ محفوظ کرکے انہیں دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے۔

اقلیت کی نشستوں پر رنجیت سنگھ، گردیپ سنگھ، اریش کمار ،آصف بھٹی اور جاوید گل کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔

خیبر پختونخوا سے 12 نشستوں کے لیے کل 51 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں جنرل کی 7نشستوں کے لیے 22، ٹیکنو کریٹ کی 2نشستوں کے لیے 11،خواتین کی 2 نشستوں کے لیے 13 جب کہ اقلیت کی  ایک نشست کے لیے 5 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں۔

Facebook Comments