منگل 07 مئی 2024

کراچی کا موسم مزید سرد، پارہ 7.5 سینٹی گریڈ تک گر گیا

کراچی کا موسم مزید سرد، پارہ 7.5 سینٹی گریڈ تک گر گیا

جہاں ملک بھر میں سردی کی شدید لہر جاری ہے وہیں کراچی میں بھی سائبیرین ہواؤں کا راج ہے جس کے سبب سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور شہر کا درجہ حرارت 7.5 ڈگری تک گر گیا۔

محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 7.5 ڈگری جب کہ  زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہےکہ شہر قائد میں  شمال مشرقی علاقوں سے 8 کلومیٹر فی گھنٹےکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت کی شدت 6 ڈگری تک محسوس کی گئی اور امکان ہے کہ 15 سے 17جنوری کی رات درجہ حرارت 5 سے 6 ڈگری تک گرسکتا ہے  جب کہ  سردی کی لہر 22 جنوری تک رہ سکتی ہے۔

سردی کے سابقہ ریکارڈ

ترجمان محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سردی کی موجودہ لہر کے دوران درجہ حرارت کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹنے کا کوئی امکان نہیں، اس سے قبل جنوری 2011 میں شہر کا کم سے کم پارہ 6.5 جب کہ  2008 میں کم سےکم درجہ حرارت 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوچکا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ جنوری 1991 میں شہر کا کم سے کم پارہ 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جب کہ جنوری 1934 میں شہر کا کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔

100 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کی تردید

ترجمان نے مزید کہا کہ موجودہ سردی کی لہر کے دوران 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کی خبر بے بنیاد ہے۔

Facebook Comments