پیر 20 مئی 2024

میرپور آزاد کشمیر میں لاک ڈاؤن نافذ

میرپور آزاد کشمیر: کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا، نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا۔

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق میرپور آزاد کشمیر کے ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، لاک ڈاؤن کا نفاذ یکم مارچ سے شروع ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر بدر منیر نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران میرپور آزاد کشمیر کے تمام تعلیمی ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ بند رہےگی، شادی ہالز بھی ایک ماہ کے لیے بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اشیائے خور و نوش کی دکانیں صرف منگل اور جمعہ کو کھلیں گی، دکانیں صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ایس او پیز کے تحت کھلیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق میرپور آزاد کشمیر میں تمام پبلک پارکس اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کرونا کے ٹیسٹ مثبت نکلنے کی شرح میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جس پر کمشنر نے دو ہفتے قبل انتظامیہ کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرانے کی ہدایت جاری کی تھی، کمشنر نے ہدایت کی تھی کہ بیرون ملک سے آئے افراد کا گھروں میں قرنطینہ یقینی بنایا جائے، کاروباری مراکز رات 10 بجے بند کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔

ہفتے کو ضلع بھمبر میں کرونا وائرس کی ویکسین پہنچائی گئی، آزاد کشمیر کے سینئر وزیر نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں کرونا ویکسین وارڈ کا افتتاح بھی کر دیا ہے، پہلے مرحلے میں محکمہ صحت عامہ، فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

Facebook Comments