اتوار 19 مئی 2024

مودی حکومت پر تنقید عالمی میڈیا کی شہ سرخیوں کی زینت

مودی حکومت پر تنقید عالمی میڈیا کی شہ سرخیوں کی زینت

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مسلمانوں کے خلاف اقدامات پر تنقید عالمی میڈیا کی شہ سُرخیوں  کا حصہ بن گئی۔

برطانوی جریدے دی اکانومسٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بھارتی مسلمانوں کے خلاف شہریت کے متنازع قانون پر  تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مودی حکومت کے اقدامات نے بھارت کو سیکولر کے بجائےجنونی ہندو ریاست بنا دیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ تنگ نظر، متعصب بھارت میں مودی کے فیصلوں سے تقسیم گہری ہو رہی ہے، اب  برسوں سے بھارت میں آباد 20 کروڑ مسلمانوں کو شہریت کا ثبوت دینا ہو گا۔

برطانوی جریدے کی رپورٹ میں بھارتی سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ہمت دکھاتے ہوئے مودی سرکار کے اقدامات کو غیر آئینی قرار دے اور مختلف ریاستوں میں ہونے والے مظاہروں پر بھی توجہ دے۔

 رپورٹ میں بتایا گیا کہ مودی حکومت کے اقدامات بھارت کے لیے سیاسی زہر ثابت ہوں گے، ان کے فیصلوں سے بھارت بھر میں خون خرابے کا خطرہ ہے۔

متنازع قانون پر مسلسل احتجاج

واضح رہے کہ متنازع شہریت قانون کے خلاف بھارت میں گزشتہ ماہ سے شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔

اس متنازع قانون کے تحت پاکستان، بنگلا دیش اور افغانستان سے بھارت جانے والے غیر مسلموں کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو نہیں۔

 

Facebook Comments