پیر 20 مئی 2024

برطانیہ اور جرمنی میں لاک ڈاؤن کے خلاف عوام کا ردِ عمل سامنے آ گیا

لندن/برلن(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ اور جرمنی کے عوام کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے لاک ڈاؤن کے نفاذ کو مزید قبول کرنے لیے تیار نہیں، لندن اور برلن میں عوام نے لاک ڈاؤن کے خلاف باقاعدہ احتجاج شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاک ڈاؤن کے خلاف ہزاروں افراد نے وسطی لندن میں احتجاج شروع کر دیا ہے، ہزاروں شرکا ہائیڈ پارک کارنر سے ویسٹ منسٹر کی طرف روانہ ہو گئے ہیں۔

احتجاج کے شرکا فریڈم فریڈم کے نعرے لگا رہے ہیں، احتجاج کی وجہ سے وسطی لندن کی ٹریفک شدید متاثر ہو گئی، پولیس کی بھاری نفری بھی شرکا کے ساتھ ساتھ چل رہی ہے۔مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کے بعد پولیس نے پکڑ دھکڑ بھی شروع کر دی جس پر جھڑپیں ہونے لگی ہیں۔

ادھر جرمنی کے شہر برلن میں بھی لاک ڈاؤن اقدامات کے خلاف احتجاج شروع ہو چکا ہے، جو پُر تشدد رخ اختیار کر گیا، اور مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہونے لگی ہیں۔

یاد رہے کہ کرونا کیسز میں شدید اضافے کے بعد برلن جرمنی کا پہلا شہر بنا تھا جس نے منگل کو لاک ڈاؤن میں نرمی کے عمل کو روک دیا تھا، جرمن دارالحکومت کے میئر مائیکل مولر نے کرونا وائرس کی صورت حال نہایت پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ معمول کی زندگی کی طرف واپس آنے کے اقدامات مزید نہیں کیے جائیں گے۔

ادھر جرمنی کے دوسرے بڑے شہر ہیمبرگ میں بھی مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔

Facebook Comments