پیر 20 مئی 2024

بھارت کے بڑے شہر میں سامان کی خریداری کیلئے بازاروں میں داخلے کی فیس لگا دی گئی

ناشک (دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک)بھارتی ریاست مہاراشٹر کا شہر ’ ناشک ‘ ہندوﺅں کے مقدس مقامات کے باعث جانا جاتاہے لیکن اب وہاں پر اگر بازار میں گھومنا ہے تو پانچ روپے فی گھنٹہ کے حساب سے فیس ادا کرنی ہو گی ۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر ناشک کی ضلعی انتظامیہ نے بازار میں خریدو فروخت کیلئے آنے والے افراد پر پانچ روپے ٹکٹ عائد کر دی ہے اور پانچ روپے ٹکٹ پر ایک گھنٹے سے زائد بازار میں ٹھہرا نہیں جا سکتا ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور انہیں 500 روپے تک جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یہ قدم بازاروں میں رش کو کم کرنے کیلئے اٹھایا گیاہے تاکہ وبائی مرض کے مزیدپھیلاﺅ کو روکنے میں کامیابی مل سکے ۔

 پانچ روپے فیس ناشک میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جمع کیے جائیں گے جو کہ بائی مرض کی روک تھام کیلئے بازار وں میں سپرے اور دیگر ڈس انفیکیشن کے کاموں پر خرچ کیے جائیں گے جبکہ پولیس کی جانب سے بازاروں میں سخت سیکیورٹی کا نظام کیا جائے گا ۔ مارکیٹوں کو ایک داخلے کا پوائنٹ دیتے ہوئے باقی جانب سے سیل کر دیا جائے گا اور ہر وزٹ پر پانچ روپے کا ٹوکن دیا جائے گا ۔

بازاروں میں دکانداروں اور ٹھیلے لگانے والوں کو خصوصی پاسز جاری کیے جائیں گے اور وہ یہ پاسز دکھا کر ہی اندر داخلے کی اجازت حاصل کر سکیں گے ۔ بھارتی شہریوں کی جانب سے اسے مضحکہ خیز فیصلہ قرار دیا جارہاہے اور شہریوں کا کہناہے کہ بازار میں جا کر خریداری کرتے وقت دو روپے پر بھی بحث کرتے ہیں اور پولیس نے آسانی کے ساتھ پانچ روپے وصول کرنے کا منصوبہ بنا لیاہے ۔اگر پولیس رش کو کنٹرول کرنا چاہے تو پیسوں کے بغیر بھی کر سکتی ہے ۔

Facebook Comments