منگل 07 مئی 2024

یہ اُن میاں بیوی کہانی ہے جب بیوی روٹی پکاتی تھی لفظ اللہ لکھا ہوا آجاتا تھا

کچھ عرصہ قل ایک ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں ایک میاں بیوی کو بطور مہمان بلایا گیا ، بیوی کی خاصیت یہ تھی کہ وہ جب بھی روٹی پکاتی تھی تو روٹی پر لفظ اللہ لکھا ہوا آجاتا تھا اور شوہر کا کہنا تھا کہ اس کی کمر پر کلمہ لکھا ہوا ہے نیز خواب میں اسے حضورﷺ نے پھول دودھ کا گلاس اور ایک جائے نماز عطاء کی تھی جو جاگنے کے بعد بھی اس کے پاس ظاہر حالت میں موجود رہی ۔

مارننگ شو میں نہ صرف یہ ساری چیزیں بھی دکھائی گئیں بلکہ خاتون میزبان نے عقیدت اور آنسوؤں بھر آنکھوں سے ان سب چیزوں کو بوسہ بھی دیا ۔ ٹھیک دوہ ماہ بعد خبر آئی کہ میاں بیوی دونوں جعل ساز تھے دونوں پولیس کی حراست میں ہیں اور دونوں نے اپنا فراڈ قبول کرلیا ہے بیوی روٹی پکاتے ہوئے کچی روٹی پر اپنے بائیں ہاتھ کی پانچ انگلیاں زور سے ثبت کرتی جس کیوجہ سے روٹی کا وہ حصہ دب جاتا ہے اور پکنے کے بعدجب روٹی کو سیدھا کیا جاتا ہے تو چھوٹی انگلی سے انگوٹھے تک جو نشان بنتا ہے چونکہ وہ اللہ سے مشابہہ ہوتا ہے لہذا لوگ ششد ر رہ جاتے ہیں ۔

شوہر صاحب کی چالاکی یہ تھی کہ انہوں نے بازار سے ایک جائے نماز خریدی ، دودھ کا گلاس لیا اور کچھ پھول خرید کر انہیں دو دن تک مسلسل عطر میں ڈبوئے رکھا اور اسی دوران ٹیٹو بنانے والے سے اپنی کمر پر کلمہ طیبہ کھدوالیا۔ لوگ چونکہ ایسی باتوں میں جذباتی ہوتے ہیں۔لہذا نہ کسی میں سچائی جاننے کی ہمت ہوئی نہ کوئی اعتراض ہوا ۔ دونوں میاں بیوی نے اپنے اعترافی بیان میں تسلیم کیا کہ اس عمل کے بعد نہ صرف ان کی بے روزگاری یکدم ختم ہوگئی بلکہ عقیدت مندوں کے بھی انبار لگ گئے ۔ ایسی ہی صورتحال سعودیہ میں بھی پیش آئی تھی جہاں آندھی کے طوفان میں کھلونوں کی ایک دکان سے ربڑ کا بڑا گھوڑا ہوا کی تاب نہ لاتے ہوئے آسمان کی طرف اڑ گیا اور پھر جب لوگوں نے فضاؤں میں گھوڑا اڑتے دیکھا تو بے اختیار سبحان اللہ پکارا اٹھے۔

حال ہی میں ایک مذہبی شخصیت نے ایک بلی کے ماتھے پر مقدس نشان دیکھ کر اسے محترمہ بلی کا لقب عطاء کیا ہے ایک گنہگار مسلمان ہونے کے باوجود خدا اور اس کے رسول اللہﷺ میر ی محبت کا مرکز ومحور ہیں میں اپنے قارئین اور علمائے کرام سے اپنی رہنمائی کیلئے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا جانوروں ، پھلوں اور دیگر چیزوں پر بمشکل پڑھے جانیوالے ان ناموں کو خدا اور اس کے رسول اللہ ﷺ سے منسوب کرکے معجزہ کانام دینا مناسب ہے ۔کیا ایسی چیزیں دیکھنے سے ثواب بھی ملتا ہے خدا کے ہونے کا ثبوت قرآن ہے یا یہ چیزیں کیا ایسا نہیں ہوتا کہ بعض اوقات گھر میں سفیدی بھی کرائی جائے تو اس کے چھینٹوں سے کوئی عجیب وغریب شکل بن جاتی ہے تو کیا یہ شکل بھی کوئی خاص اشارہ سمجھا جائے کیا ایسی چیزوں سے ان لوگوں کو مدد نہیں ملتی جو دعوے کرتے ہیں کہ ان کے روحانی پیشوا کی شکل چاند میں نظر آتی ہے اللہ ہم سب کاحامی وناصرہو۔

Facebook Comments