اتوار 19 مئی 2024

پاکستان ریلویز کی ٹرینوں میں کھٹملوں کے ساتھ لال بیگ بھی راج کرنے لگے

پاکستان ریلویز کی ٹرینوں میں کھٹملوں کے ساتھ لال بیگ بھی راج کرنے لگے

کراچی: پاکستان ریلویز کی ٹرینوں میں کھٹملوں کے ساتھ لال بیگ بھی راج کرنے لگے ہیں، قراقرم ایکسپریس کی بزنس کلاس میں مسافر لال بیگوں سے پریشان ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق قراقرم ایکسپریس کی بزنس کلاس کے 5 ہزار روپے سے زائد کا ٹکٹ خریدنے کے باوجود مسافر سکون سے سو نہیں سکتے، ریلوے انتظامیہ کی غفلت کے باعث قراقرم ایکسپریس کی بزنس کلاس کوچ میں لال بیگوں نے مسافروں کو پریشان کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس کی چودہ نمبر بوگی کے مسافروں نے اپنے کمپارٹمنٹ سے باہر رات گزاری، بچے اور خواتین بھی کوچ کے باہر سفر کرنے پر مجبور ہوئے۔

پاکستان ریلوے کی بوگیوں میں کھٹملوں کے بعد اب لال بیگوں نے بھی جگہ بنانا شروع کر دی، بزنس کلاس کے مسافروں نے محکمہ ریلویز سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہزاروں روپے دینے کے باوجود ٹرینوں میں سکون کا سفر نہیں کر پاتے۔

مسافروں کا کہنا تھا کہ کوچ کی سیٹوں کے اندر کھٹمل اور لال بیگ بڑی تعداد میں پھرتے ہیں، جن کی وجہ سے نیند نہیں ہو پاتی، شکایت لے کر ٹرین منیجر کے پاس گئے تو وہ چادر تان کر سو رہے تھے، ایسی بزنس کلاس سہولت تو دنیا میں کہیں نہیں۔

Facebook Comments