جمعہ 26 اپریل 2024

پی ایس ایل 2021 کیلئے 300سے زائد کمروں پر مشتمل ہوٹل بک کرا لیا گیا

کراچی ( دھرتی نیوز ) پاکستان سپر لیگ 2021 کا رنگا رنگ میلہ دوبارہ سجانے کی تیاریں شروع کر دی گئیں ۔ کراچی میں 300سے زائد کمروں پر مشتمل ہوٹل بک کرا لیا گیا۔

 دھرتی نیوز کی رپورٹ  کے مطابق پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے سیزن 6 کے باقی 20میچز کیلئے کراچی کے عبداللہ ہارون روڈ پر فائیو سٹار ہوٹل بک کرا لیا گیا ۔ 300 سے زائد کمروں، ہال ، کانفرنس روم اور ریستوران والے ہوٹل کی پوری انتظامیہ پاکستان کرکٹ بورڈ کیساتھ رہے گی ۔ ہوٹل کا سٹاف بائیو سکیور انوائرمنٹ کا بھی حصہ رہے گا اور انہیں پورے ٹورنامنٹ کے دوران گھر جانے کی اجازت نہ ہو گی ۔

 اس سے قبل پی ایس ایل کی ٹیمیں جس ہوٹل میں ٹھہری تھیں اسے ناقص اقدامات کے باعث فہرست سے نکال دیا گیا۔ 4اپریل کو جمع کرائی گئی پی ایس ایل سکس فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کے مطابق ہوٹل مینجمنٹ بائیو سکیور ببل میں کووڈ 19 کے پھیلاو¿ کا سبب بنی جس کے باعث مارچ میں جاری پی ایس ایل سکس کے ایونٹ کے دوران کئی کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ، جس کی وجہ سے پی ایس ایل سکس کا ٹورنامنٹ ملتوی کرنا پڑا۔

    اس مرتبہ ایک دوسری کمپنی بائیو سکیور آپریشن کی دیکھ بھال کرے گی ، لندن میں موجود پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے جون میں شیڈول پی ایس ایل سکس ایونٹ کے بائیو سکیور ببل کی دیکھ بھال کیلئے اس مرتبہ ایک دوسری غیر ملکی کمپنی سے معاہدہ تیار کیا ہے ۔

 غیر ملکی کمپنی کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے بائیو سکیور سے متعلق اپنا سسٹم متعارف کرائے گی ، پی سی بی کو سب سے بڑا مسئلہ میڈیا نمائندگان کو اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت کے اندر واقع میڈیا سنٹر میں داخلے کی اجازت دینا ہے ۔ اس بات کا فیصلہ بھی غیر ملکی کمپنی ہی کرے گی کہ میڈیا نمائندگان کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے گی یا نہیں ۔

چونکہ تمام میچز تماشائیوں کے بغیر کھیلے جائیں گے ، اس لئے ایسی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں کہ میڈیا نمائندگان کی محدود تعداد کو شائقین کی جگہ کا ایک حصہ مختص کر کے بٹھایا جائے گا۔

Facebook Comments