بدہ 08 مئی 2024

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ عید الفطر پر ریلیز ہوگی

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ عید الفطر پر ریلیز ہوگی

فلم ساز بلال لاشاری کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا‘ کا شائقین کافی عرصے سے انتظار کر رہے ہیں اور اب یقینا شائقین کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں۔

فلم کی ٹیم نے ’مولا جٹ‘ کے نام کے قانونی معاملات حل ہونے کے بعد فلم کو رواں برس عیدالفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی شوٹنگ ایک سال قبل ہی مکمل ہوگئی تھی تاہم فلم کی ٹیم پر فلم کا نام، اداکاروں کے نام اور ڈائیلاگ چوری کرنے کا الزام تھا جس وجہ سے اسے ریلیز نہیں کیا جا رہا تھا۔

فلم کو عید الفطر پر ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو
فلم کو عید الفطر پر ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ہدایات بلال لاشاری نے دی ہیں تاہم ان پر الزام تھا کہ انہوں نے 1979 کی مقبل فلم ‘مولا جٹ’ کا نہ صرف نام کاپی کیا بلکہ انہوں نے پرانی فلم کے کردار اور ڈائیلاگ بھی اپنی نئی فلم میں شامل کیے، جس وجہ سے ان پر پرانی فلم کے پروڈیوسر محمد سرور بھٹی نے ان پر لاہور کی عدالت میں کیس کردیا تھا۔

لاہور کی سیشن کورٹ میں دائر کیے گئے مقدمے کی متعدد سماعتیں ہوئیں اور بلال لاشاری نے اپنے جوابات بھی داخل کروائے تھے تاہم چند دن قبل ہی نئی اور پرانی فلم کی ٹیم کے درمیان معاہدہ طے پاگیا تھا جس کے بعد محمد سرور بھٹی نے اپنا کیس واپس لے لیا تھا۔

فلم میں فواد اور ماہرہ نے مرکزی کردار نبھائے ہیں — فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
فلم میں فواد اور ماہرہ نے مرکزی کردار نبھائے ہیں — فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

پرانی فلم کے پروڈیوسر کی جانب سے مقدمہ واپس لیے جانے کے بعد اب ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ٹیم نے فلم کو ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

فلم کی ٹیم کے مطابق ’دی لیجنڈ آف مولا جٹپ کو رواں برس عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔

پروڈیوسر عمارہ حکمت کی اس فلم میں ماہرہ خان، حمیمہ ملک، حمزہ علی عباسی اور فواد خان مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

فلم کی کہانی مولا جٹ یعنی (فواد خان) اور نوری نت یعنی (حمزہ علی عباسی) کے گرد گھومتی نظر آتی ہے جبکہ ماہرہ خان بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گی۔

Facebook Comments