جمعہ 17 مئی 2024

جہلم: ‘جائیداد کے تنازع’ پر سوتیلی ماں، چار بہن بھائیوں کا قتل

جہلم: ‘جائیداد کے تنازع’ پر سوتیلی ماں، چار بہن بھائیوں کا قتل

پنجاب کے شہر جہلم میں بیٹے نے مبینہ طور پر جائیداد کے تنازع پر سوتیلی ماں اور چار بہن بھائیوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق مذکورہ واقعہ جہلم کے تھانہ منگلا کی حدود میں پیش آیا

اس ضمن میں متاثرہ خاندان کے سربراہ خادم حسین نے بتایا کہ ‘وہ اپنی دوسری بیوی اور چاروں بچوں کے ہمراہ گھر واپس آرہے تھے کہ ارڈھا بڈھار کے نزدیک پہنچتے ہی نادر نے کار پر فائرنگ کردی’۔

انہوں نے بتایا کہ ‘وہ جان بچا کر بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے لیکن نادر کی فائرنگ سے ان کی بیوی فرزانہ، دونوں بیٹیاں ثنا (12 سال)، شاہ اولہ (21 سال)، اور دونوں بیٹے راجہ ابراہیم (11 سال) اور محمد سبحان (3سال) کو فائرنگ کرکے قتل کردیا’۔

خادم حسین کے مطابق ‘جائیداد کے تنازع کی وجہ سے بیٹے نے اپنی سوتیلی ماں اور بہن بھائیوں کو قتل کیا’۔

علاوہ ازیں خادم حسین نے الزام عائد کیا کہ ‘ قتل کی واردات میں ان کا بائی اور بھتیجے بھی شامل ہیں اور فائرنگ میرے بیٹے نادر نے کی’۔

خادم حسین نے بتایا کہ ’15 برس قبل وہ نادر کی والدہ کو طلاق دے چکے تھے’۔

دوسری جانب واقعہ کی اطلاح ملتے ہی ڈی پی او رانا عمر فاروق پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گے۔

پولیس نے وقوعہ سے شواہد جمع کیے اور لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔

اس ضمن میں ایس ایچ او تھانہ منگلا امیر خان نے بتایا کہ ‘ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تاہم ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں’۔

واضح رہے کہ چند برس قبل جائیداد کے تنازع پر شاد باغ کے علاقے میں مبینہ طور پر ایک حاملہ خاتون کو اس کے جیٹھ نے پٹرول چھڑک کر آگ لگادی تھی

پولیس کا کہنا تھا کہ 23 سالہ سدرہ کا تعلق ضلع نارووال کی تحصیل شکر گڑھ سے تھا اور اس کی شاد باغ کے رہائشی اپنے کزن وقاص علی سے 2برس قبل شادی ہوئی تھی۔

ایسے ہی ایک واقعے میں خانیوال کے علاقے میں قتل کی جانے والی ماں اور ان کی کم عمر بیٹی کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق حویلی کورنگا میں 30 سالہ ماں آمنہ بی بی اور 4 سالہ بیٹی منزہ بی بی کو گلہ دبا کر قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کا اپنے خاوند اور میکے والوں سے تنازع چل رہا تھا۔

Facebook Comments