جمعہ 17 مئی 2024

سوات میں فائرنگ کر کے صحافی کو قتل کردیا گیا

سوات میں فائرنگ کر کے صحافی کو قتل کردیا گیا

مینگورہ: سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقے شکردارا میں ایک صحافی کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا۔

 دھرتی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مقتول صحافی امن کمیٹی کے رکن کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ(ن) کے مقامی رہنما بھی تھے۔

پولیس کے مطابق جاوید اللہ خان کار میں سوار ہو کر اپنے کھیتوں پر جارہے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔

جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں دورانِ علاج وہ دم توڑ گئے، تاہم کار میں صحافی کے ساتھ موجود پولیس گارڈ حملے میں محفوظ رہا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انسداد دہشت گردی کے حکام نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو خالی کروالیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا۔

خیال رہے کہ جاوید اللہ خان اردو روزنامے اوصاف (اسلام آباد) کے بیوروچیف تھے۔

ان کے چھوٹے بھائی حمیداللہ خان سوات کے علاقے مینگورہ میں ڈان کے سابق نامہ نگار ہیں جو اب قطری تشریاتی ادارے الجزیرہ سے وابستہ ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل سندھ سے تعلق رکھنے والے صحافی عزیز میمن کی لاش پراسرار حالت میں نوشہرو فیروز کے نواحی شہر محراب پور کی ایک نہر سے برآمد ہوئی تھی۔

محراب پور پولیس تھانے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) عظیم راجپر نے بتایا تھا کہ عزیز میمن کے گلے میں الیکٹرک تار تھی، تاہم فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ ان کی ہلاکت کیسے ہوئی؟

آخری اطلاعات تک عزیز میمن کی پراسرار ہلاکت کا مقدمہ دائر نہیں کیا جا سکا تھا تاہم میڈیا پر خبریں سامنے آنے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے ان کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی تھی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے نوشہروفیروز پولیس سے جلد رپورٹ طلب کرتے ہوئے صحافی کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا

Facebook Comments