منگل 21 مئی 2024

اگر خطے میں جنگ چھڑی تو اس کے بے قابو نتائج ہوں گے: ترجمان پاک فوج

اگر خطے میں جنگ چھڑی تو اس کے بے قابو نتائج ہوں گے: ترجمان پاک فوج

ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے خبردار کیا ہے کہ بھارتی اقدامات سے خطے کے امن کو خطرات درپیش ہیں لیکن اگر خطرے میں جنگ چھڑی تو اس کے بے قابو نتائج ہوں گے۔

راولپنڈی میں میڈیا نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتحار نے بتایا کہ فروری 2019 میں پاک بھارت جنگ دستک دے چکی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 14 فروری 2019 کو بھارت نے پلوامہ واقعے کے بعد بغیر کسی ثبوت کے بے جا الزامات لگائے لیکن پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ہر قسم کی تحقیق کی پیشکش کی، اس کے باوجود انتہا پسند بھارتی ریاست نے 25 اور 26 فروری کی شب ایک بزدلانہ کوشسش کی، دشمن جو سرپرائز دینا چاہتا تھا خود سرپرائز ہو کر گیا اور پاکستان نے 27 فروری کو دن کی روشنی میں دشمن کے دو طیارے گرائے، دشمن نے بوکھلاہٹ میں اپنا ایک طیارہ گرایا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ مسلح افواج نے 27 فروری کو نہ صرف وطن کی سرحدوں کا دفاع کیا بلکہ دشمن کے عزائم کو بھی خاک میں ملایا، آج کا دن 1947 سے لیکر آج تک وطن کی سرحدوں کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور دفاع وطن کی حفاظت کرنے والے قوم کے غازیوں کے نام ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے یوم تشکر بھی ہے اور یوم عزم ہے، یوم تشکر اس حوالے سے آج کے دم افواج پاکستان قوم کے اعتماد پر پورا اتری اور یوم عزم اس حوالے سے کہ عزت اور وقار کی کوئی قیمت نہیں، ہم اپنے دشمن کی ہر سازش سے بخوبی تیار ہیں اور دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

Facebook Comments