بدہ 01 مئی 2024

مایا علی اور شہریار منور کا گانا ‘ہائے دل’ بھی کاپی نکلا؟

مایا علی اور شہریار منور کا گانا ‘ہائے دل’ بھی کاپی نکلا؟

گزشتہ سال سامنے آئی کامیڈی رومانوی فلم ‘پرے ہٹ لو’ میں اداکاروں کی اداکاری نے جہاں مداحوں کو متاثر کیا تھا وہیں فلم کے گانے بھی سب کا دل جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

اس فلم کے گانے اس قدر پسند کیے گئے کہ ہر پاکستانی شادی میں فلم ‘پرے ہٹ لو‘ کے گانے ضرور بجائے جارہے تھے۔

تاہم سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چند صارفین نے ٹوئٹس کے ذریعے فلم کے موسیقار جمی خان’ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ فلم ‘پرے ہٹ لو’ میں موجود ان کا گانا ‘ہائے دل’ ایک ہسپانوی گانے ‘صوفیہ’ کی نقل ہے جس کی گلوکاری الوارو سولر نامی گلوکار نے کی۔

ٹوئٹر پر ایک خاتون نے لکھا کہ ‘جمی خان کا گانا ہائے دل کافی دلچسپ ہے اور میں بہت متاثر ہوئی تھی پاکستانیوں نے ایسا گانا بنایا لیکن پھر ایک دوست نے مجھے ایک ہسپانوی گانا سنایا جس کی نقل کرکے ہائے دل بنایا گیا، زبردست’۔

جہاں ٹوئٹر پر اس ٹوئٹ کے بعد جمی خان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا وہی لوگ یہ بھول گئے کہ ‘ہائے دل’ کی کمپوزیشن آذان سمیع خان نے کی جبکہ اس گانے کے بول عاصم رضا نے تحریر کیے تھے۔

آذان سمیع خان نے اس حوالے سے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

اس حوالے سے فلم کے پروڈیوسر اور مرکزی کردار نبھانے والے اداکار شہریار منور کا انگریزی روزنانہ ایکسپریس ٹویبیون سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گانا کسی گانے سے متاثر ضرور ہوسکتا ہے لیکن یہ اس کی نقل نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘نقل کا الزام لگانا کافی سخت ہے اور کیوں کہ دو گانے سننے میں ایک جیسے لگتے اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ یہ نقل ہی ہیں، کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ دوسرے پر بغیر کچھ جانے نقل کرنے کا الزام لگائے’۔

شہریار منور خود بھی اس گانے میں رقص کرتے نظر آئے تھے۔

دوسری جانب جمی خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ‘مجھے اس حوالے سے کوئی اندازہ نہیں کہ گانے کا میوزک یا کمپوزیشن نقل شدہ ہے، کیوں کہ میں نے صرف اس گانے کی گلوکاری کی ہے، یہ کہا جاسکتا ہے کہ متاثر ہوکر بنایا گیا ہو لیکن چوری شدہ کہنا صحیح نہیں’۔

خیال رہے کہ فلم ‘پرے ہٹ لو’ کی ہدایات عاصم رضا نے دی، اس فلم میں شہریار منور، مایا علی نے مرکزی کردار نبھائے۔

جبکہ ماہرہ خان، فواد خان، ریما جیسے اداکاروں نے فلم میں مختصر کردار ادا کیا۔

Facebook Comments