جمعہ 17 مئی 2024

‘جب خدا نے اتنے حلال جانور بنائے ہیں تو چمگادڑ کیوں کھاتے ہیں’

‘جب خدا نے اتنے حلال جانور بنائے ہیں تو چمگادڑ کیوں کھاتے ہیں’

سابق مایہ ناز فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے عالمی سطح پر تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس کے سبب پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) متاثر ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے چین کے عوام کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب پاکستان سپر لیگ کے شیڈول کو تبدیل کرتے ہوئے اس مین چار دن کی کمی کردی گئی ہے اور اب تک 14 نامور غیرملکی کھلاڑی لیگ ادھوری چھوڑ کر وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔

اپنے یوٹیوب چینل پر اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے چینی عوام کی کھانے پینے کی عادات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی جب اللہ نے حلال جانور بنائے ہیں تو آپ لوگ حرام کیوں کھاتے ہیں؟۔

انہوں نے اپنی گفتگو کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب خدا نے اتنے سارے حلال جانور بنائے ہیں تو آپ وہ کیوں نہیں کھاتے، آپ لوگ چمگادڑ بلی کتے کیوں کھاتے ہیں، ان کا پیشاب پینا ہے، خون پینا ہے اور پوری دنیا میں وائرس پھیلا دینا ہے، مجھے یہ بات سمجھ نہیں آ رہی کیونکہ چینیوں نے پوری دنیا کو داؤ پر لگا دیا۔

‘آپ نے عجیب عجیب چیزیں کھا کر اپنا تو بیڑا غرق کر لیا ہے اور اب ہمارا بھی بیڑا غرق ہونے والا ہے’۔

شعیب اختر نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ غصہ اس بات پر ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ پی ایس ایل آئی تھی لیکن اب کورونا کی وجہ سے غی ملکی کھلاڑی واپس جا رہے ہیں، لیگ اب تماشائیوں کے بغیر منعقد ہو گی۔

اس موقع پر انہوں بھارت اور بنگلہ دیش کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نہ کرے کہ بھارت اور بنگلہ دیش میں یہ وبا پھوٹ پڑے کیونکہ صرف ممبئی میں روزانہ 90لاکھ افراد ٹرین میں سفر کرتے ہیں اور اگر خدانخواستہ وہاں لوگ بیمار ہو گئے تو بھارت اور بنگلہ دیش کے ہسپتالوں میں جگہ ہی نہیں ہے۔

شعیب اختر نے انڈین پریمیئر لیگ کے 15اپریل تک التوا کو بھی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صرف اسٹار اسپورٹس نہیں بلکہ اس سے منسلک صنعتوں جیسے براڈ کاسٹ، ہوٹلز اور دیگر کو بھی نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ تیسری دنیا کے ممالک پاکستان، ہندوستان، بنگلہ دیش، سری لنکا میں زیادہ سہولیات میسر نہیں ہیں، اٹلی فرانس جیسے ممالک جہاں سہولیات میسر ہیں وہاں ہزاروں لوگ مر رہے ہیں۔

دنیا کے تیز ترین باؤلر کا اعزاز رکھنے والے سابق اسٹار نے وائرس کے مذہبی رسومات اور عقائد پر مرتب ہونے والے اثرات پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ وائرس کے سبب جمعے کی نماز ادا نہیں ہو رہی، مکہ مکرمہ میں طواف بند ہے جو میں نے کبھی بند ہوتے نہیں دیکھا، مکہ مکرمہ بالکل خالی ہے، سرحدیں بند کردی گئی ہیں، لوگوں کو جمعے کی نماز پڑھتے ہوئے ڈر لگ رہا ہے، اتنا دہشت گردی سے ڈر نہیں لگا جتنا کورونا وائرس سے ڈر لگ رہا ہے

ان کا کہنا تھا کہ اس وائرس کے سبب پوری دنیا کی معیشت ٹھپ ہو چکی ہے، 50ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے، کاروبار بند ہو گئے ہیں، تیل نیچے آ گیا اور لوگوں کی نوکریاں ختم ہو رہی ہیں۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس کے سبب اب تک 5ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

اس وائرس نے چین سے جنم لیا تھا جہان ساڑھے تین ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد اب اس پر قابو پا لیا گیا ہے لیکن اب یہ وائرس یورپ میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے اس وائرس کو عالمی وبا قرار دیتے ہوئے اس کا مرکز یورپ کو قرار دے دیا ہے۔

اٹلی میں اب تک ایک ہزار سے زائد افراد اس وائرس کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں اور پورے اٹلی کے ساڑھے 6کروڑ عوام کو گھروں تک محدود کردیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کی طرح دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں اور ایشیا یورپ سمیت دنیا بھر میں تمام لیگز، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل مقابلے رواں ماہ کے آخر تک منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

Facebook Comments