جمعہ 26 اپریل 2024

�دلیپ کمار کی وفات خیبرپختونخوا سے لیکر ممبئی تک کا بہت بڑا نقصان ہے: شاہد آفریدی

لاہور (دھرتی نیوز ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ دلیپ کمار کا انتقال خیبر پختونخوا سے لیکر ممبئی تک کا بہت بڑا نقصان ہے۔ شاہد آفریدی نے دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اداکار کی یادگار تصویر شیئر کرکے لکھا کہ ’’بے شک! ہم اللّہ تعالیٰ کی طرف سے آئے ہیں اور ہمیں اُسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے، خیبرپختونخوا سے لیکر ممبئی اور پوری دنیا میں یوسف خان صاحب (دلیپ کمار) کے پرستاروں کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے، دلیپ کمار صاحب ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے‘‘۔

آخر میں شاہد آفریدی نے دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو سے بھی دلی تعزیت کی۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹویٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سال سے بیمار تھے اور اُنہیں اکثر معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔ دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ یاد رہے کہ دلیپ کمار 1922ء میں پشاور کے محلےخداداد میں پیدا ہوئے تھے، دلیپ کمار نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1944ء میں فلم ’جوار بھاٹا‘سے کیا مگر فلم انڈسٹری میں اپنی اصل پہچان 1960ء میں تاریخی فلم ’مغلِ اعظم‘ میں شہزادہ سلیم کا کردار نبھاکر بنائی۔

وہ ‘انداز’، ‘داغ’، ‘رام اور شام’، ‘نیا دور’، ‘مدھومتی’ ’دیوداس‘ اور ‘آدمی’ جیسی کئی سپر ہٹ فلموں کا حصہ رہے تھے،ان کی آخری فلم ‘قلعہ’ 1998 میں ریلیز ہوئی تھی۔ دلیپ کمار کو حکومت پاکستان بھی 1998ء میں نشان امتیاز ایوارڈ سے نواز چکی ہے، انہیں اس وقت کے صدر محمد رفیق تارڑ نے ایوارڈ سے نوازا تھا۔

Facebook Comments