جمعرات 02 مئی 2024

کوئٹہ: کورونا وائرس سے حفاظتی کٹ نہ ملنے پر احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز گرفتار

کوئٹہ: کورونا وائرس سے حفاظتی کٹ نہ ملنے پر احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز گرفتار

کوئٹہ میں حفاظتی کٹ فراہم نہ کرنے پر احتجاجی مظاہرہ کرنے والے کورونا وائرس سے لڑنے والے درجنوں ڈاکٹروں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ڈاکٹروں نے سول ہسپتال سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے سیکریٹریٹ تک احتجاجی مارچ کیا۔

تاہم پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو احتجاج کرنے سے روکتے ہوئے درجنوں ڈاکٹروں کو گرفتار کرلیا۔

کوئٹہ کے ڈپٹی انسپیکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس رزاق چیمہ نے ڈاکٹروں کی گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا کہ ’ہاں آج پولیس نے آج درجنوں ڈاکٹروں کو گرفتار کیا ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ احتجاجی ڈاکٹروں کو کوئٹہ کے متعدد تھانوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائے ڈی اے) نے ڈاکٹروں کی گرفتاری پر بلوچستان بھر میں تمام سروسز کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
کوئٹہ کے سول ہسپتال میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے وائے ڈی اے کے صدر ڈاکٹر یاسر اچکزئی کا کہنا تھا کہ ’پولیس کے تشدد پر ہم اپنی تمام سروسز معطل کر رہے ہیں‘۔

واضح رہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے صوبائی حکومت سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے حفاظتی کٹس (پی پی ای) کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔

قبل ازیں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ’کورونا وائرس کی صورتحال میں حکومتی بے حسی کے خلاف اور اپنے جائز حقوق کے اصول کے لیے احتجاج کریں گے‘۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ’15 ڈاکٹرز کورونا وائرس کےشکار ہوچکے ہیں، حکومت کو کئی بار تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا مگر شنوائی نہیں ہوتی‘۔

شہباز شریف کی مذمت
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ڈاکٹرز اور طبی عملے پر لاٹھی چارج کی شدید مذمت کی اور کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والی فوج پر تشدد افسوسناک ہے کورونا سے لڑنے کے لئے حفاظتی کٹس فراہم کرنے کے بجائے ڈاکٹرز پر ڈنڈے برسائے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اپنی فوج کو ہتھیار نہیں دے گی تو حکومت کورونا کے خلاف جنگ کیسے جیتے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے والے ڈالنے والوں پر تشدد کی منطق سمجھ سے باہر ہے تشدد، ڈنڈے، گالی اور تقریروں سے کورونا کا مقابلہ نہیں ہوسکتا کب سے توجہ دلارہا ہوں کہ خدارا ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس پہنچائیں قوم پر رحم کریں، سنجیدگی کا مظاہرہ کیاجائے۔

Facebook Comments