ھفتہ 04 مئی 2024

واٹس ایپ میں ڈیوائس اسٹوریج بچانے کے لیے نئے فیچر کا اضافہ

واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ ہے مگر صارفین کو موصول ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز فون کی اسٹوریج کو بہت تیزی سے بھر دیتی ہیں۔

مگر اب کمپنی نے اس کا ایک منفرد حل نکال لیا ہے تاکہ فون کی اسٹوریج کو بچایا جاسکے۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق فیس بک کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ نے اس مقصد کے لیے اپنے ایک فیچر کو اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واٹس ایپ نے گزشتہ سال نومبر میں ڈس اپیئرنگ میسجز کا فیچر متعارف کرایا تھا جو مخصوص چیٹس میں ان ایبل کرکے پیغامات کو 7 دن میں غائب کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اب واٹس ایپ کی جانب سے پیغامات غائب ہونے کی مدت کو 90 دن تک بڑھایا جارہا ہے اور فی الحال یہ فیچر اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں موجود ہے۔

چونکہ 90 دن بعد پیغامات کو ڈیلیٹ کرنے سے پرائیویسی کو تحفظ تو نہیں ملے گا تو کمپنی کی جانب سے یہ فیچر اسٹوریج سیور کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

یعنی جب میسجز 90 دن بعد خودکار طور پر ڈیلیٹ ہوجائیں گے تو اسٹوریج اسپیس بی کلیئر ہوگا اور صارف کو خود یہ مینوئل طریقے سے نہیں کرنا پڑے گا۔

واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر میں مجموعی طور پر 3 آپشنز صارفین کو فراہم کیے جائیں گے۔

7 دن اور 90 دن کے علاوہ ایک اور آپشن 24 گھنٹے کا ہوگا۔

24 گھنٹے والے آپشن پر کمپنی کی جانب سے اپریل 2021 سے کام کیا جارہا ہے اور اب 90 دن والے آپشن کے ساتھ جلد تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

ویو ونس
اس سے قبل واٹس ایپ نے اگست 2021 میں ایک ڈس اپیئرنگ میسج فیچر ویو ونس کے نام سے متعارف کرایا گیا تھا۔

اس نئے فیچر میں بھیجی جانے والی تصاویر اور ویڈیو کو ایک بار ہی دیکھا جاسکتا ہے اور اس کے بعد میڈیا فائلز غائب ہوجاتی ہیں۔

کمپنی کے مطابق ان تصاویر کا اسکرین شاٹ لینا ممکن ہے جس کا علم بھیجنے والے کو نہیں ہوگا۔

واٹس ایپ کے مطابق اس فیچر کو حساس معلومات جیسے وائی فائی پاس ورڈ کی تصویر بھیجنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

Facebook Comments