اتوار 19 مئی 2024

کابل ائیرپورٹ حملوں کے بعد انخلا کے آپریشن کا مستقبل کیا ہوگا؟

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ائیرپورٹ کے قریب دھماکوں میں 12 امریکی فوجیوں سمیت 60 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

کابل میں دھماکوں کے بعد افغانستان سے انخلا کے آپریشن کے حوالے سے مختلف ممالک کے بیانات سامنے آرہے ہیں۔

برطانیہ
برطانیہ نے جمعرات کے روز کابل ائیر پورٹ پر بم حملوں کے بعد اپنا انخلا مشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ برطانیہ جمعرات کے روز کابل ائیرپورٹ پر خطرناک بم حملوں کے باوجود کابل سے شہریوں اور افغانوں کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری رکھے گا۔

کابل ائیرپورٹ پر یکے بعد دیگرے دو دھماکے، 10 امریکی فوجیوں سمیت 60 افراد ہلاک

انہوں نے کہا کہ ہم اس آپریشن کو جاری رکھیں گےاور اب ہم اس آپریشن کے اختتام کی طرف جارہے ہیں جبکہ ہم لوگوں کو وہاں سے جلد نکالنے کیلئے آخری حد تک جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی فوج کے ارکان نے انتہائی افسوسناک حملوں میں اپنی جانیں گنوائیں۔

امریکا
امریکا کا اس حوالے سے کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے تاہم امریکی صدر جو بائیڈن کہہ چکے ہیں کہ 31 اگست کی ڈیڈ لائن تک امریکا انخلا کا آپریشن مکمل کرلے گا۔

فرانس
فرانس نے بھی کابل ائیرپورٹ پر بم دھماکوں کے بعد اپنے انخلا کے آپریشن کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کا کہنا ہے کہ کابل ائیرپورٹ کے ارد گرد کی صورتحال اب انتہائی کشیدہ ہے جبکہ حملے کے باوجود فرانس اپنے انخلا کے آپریشن کو جاری رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی دنوں سے فرانس دیگر اتحادیوں کے ساتھ اس صورتحال میں سب سے زیادہ کام کر رہا ہے اور ہم ایسا کرتے رہیں گے۔

فرانس اب تک 115 فرانسیسی شہریوں اور 2 ہزار افغان شہریوں کو کابل سے نکال چکا ہے۔

جرمنی
جرمنی نے افغانستان میں انخلا کا آپریشن مکمل ہونے کا اعلان کردیا ہے۔

جرمنی کی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ جرمنی نے اپنے تمام فوجیوں کو کابل سے اپنی انخلا کی آخری پرواز کے ذریعے واپس بلا لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام فوجیوں ، وزارت خارجہ اور وفاقی پولیس کے ارکان جنہوں نے اس مشن کو ہمارے لیے محفوظ انجام تک پہنچایا ہے ان سب کو کابل سے نکال لیا گیا ہے۔

اُمید ہے 31 اگست تک افغانستان سے انخلا مکمل کرلیں گے، امریکی صدر

انہوں نے کہا کہ فوجی انخلا کا مشن اب ختم ہو گیا ، ہمارے فوجی جنہوں نے یہ خطرناک آپریشن کیا وہ محفوظ طریقے سے افغان فضائی حدود سے باہر نکل چکے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ جرمنی نے 16 اگست سے اب تک 5،347 افراد کو افغانستان سے باہر نکالا ہے۔

ناروے
ناروے نے کابل ائیر پورٹ پر دھماکوں کے بعد انخلا روک دیا ہے۔

ناروے کی وزیر خارجہ کے مطابق ناروے اب اپنے باقی شہریوں کو کابل سے نکالنے کا عمل جاری نہیں رکھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ائیر پورٹ کے دروازے اب بند ہوگئے ہیں اور اب لوگوں کو وہاں سے نکالنا ممکن نہیں۔

خیال رہے کہ طالبان نے دھمکی دی ہے کہ امریکا اور غیر ملکی افواج 31 اگست کی ڈیڈ لائن تک انخلا مکمل کرلیں اس کے بعد نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔

Facebook Comments