ھفتہ 27 اپریل 2024

وزیراعظم کا سعودی ولی عہد اور امیر قطر سے رابطہ، افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم عمران خان کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں باہمی تعلقات سمیت افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور علاقائی استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے ، عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ افغان عوام کے ساتھ کھڑی ہو اور تعمیر نو میں ان کی مدد کرے۔

 وزیراعظم نے فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور افغانستان کے معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں ایک جامع سیاسی حل کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی بدلتی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے، 40 سال کے تنازع کے بعد افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کا موقع ملا ہے، عالمی برادری افغانستان کی تعمیر نو اور معاشی استحکام کےلیے آگے بڑھے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سربراہ اور ریاست ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا ۔

اعلامیے کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں سکیورٹی کےلیے سیاسی تصفیہ ہی بہترین حل ہے، افغان شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی سیاسی تصفیہ اہم ہے۔

Facebook Comments