ھفتہ 27 اپریل 2024

کسی رشتہ دار کی موت کے بعد اس کی فیس بک یا انسٹاگرام پروفائل کس طرح ڈیلیٹ کی جاسکتی ہے؟ آپ بھی جانئے

نیویارک(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) آدمی کا انتقال ہو جائے تو اس کے عزیزواقارب تجہیزو تدفین کا انتظام کرتے ہیں لیکن آج کی نسل میں ایک کام اس سے بھی زیادہ اہم ہو چکا ہے اور وہ اس مرنے والے شخص کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کے ساتھ معاملہ کرنا ہے۔ جب کوئی شخص مر جائے تو آپ اس کے فیس بک اور انسٹاگرام وغیرہ کے اکاﺅنٹس کے ساتھ کیا کر سکتے ہیں؟ ڈیلی سٹار نے اپنی ایک رپورٹ میں اس حوالے سے لوگوں کی رہنمائی کر دی ہے۔ فیس بک کی بات کریں تو آپ اپنے مر جانے والے رشتہ دار یا دوست کے اکاﺅنٹ کو نہ صرف بند کروا سکتے ہیں بلکہ اسے ’یادگاری اکاﺅنٹ‘ میں تبدیل بھی کروا سکتے ہیں، جس پر لوگ اس مرجانے والے شخص کے لیے دعاﺅں اور نیک تمناﺅں پر مبنی پیغامات بھیج سکتے ہیں۔

 اپنے کسی رشتہ دار یا دوست کی موت کے بعد اس کے فیس بک اکاﺅنٹ کوبند کرانے یا میموریل اکاﺅنٹ میں تبدیل کرانے کے لیے آپ کو ثابت کرنا ہو گا کہ آپ اس کے قریبی رشتہ دار یا مختار ہیں۔ اس کے ساتھ ہی آپ کو مرنے والے شخص کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ سکین کرکے فیس بک کو مہیا کرنا ہو گا۔ اگر آپ یہ چیزیں مہیا یا ثابت نہیں کر سکتے تو آپ پاور آف اٹارنی، برتھ سرٹیفکیٹ، وصیت نامہ، اسٹیٹ لیٹربھی دے سکتے ہیں اور اس کی موت کو ثابت کرنے کے لیے اخبار میں اس کی موت کے اعلان پر مبنی اشتہار یا میموریل کارڈدے سکتے ہیں۔مذکورہ چیزیں مہیا کرنے اور پراسیس کو مکمل کرنے کے لیے آپ کو اس لنک (https://web.facebook.com/help/contact/228813257197480?_rdc=1&_rdr) پر جانا ہو گا۔اگر آپ اس کے اکاﺅنٹ کو میموریل اکاﺅنٹ میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو اس لنک (https://web.facebook.com/help/contact/234739086860192?helpref=faq_content&_rdc=1&_rdr)پر جائیں۔

 اگر آپ خود اپنی زندگی میں کسی ایک شخص کو اپنا مختار مقرر کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ آپ کے مرنے کے بعد آپ کا فیس بک اکاﺅنٹ بند کرا سکے یا میموریل اکاﺅنٹ میں تبدیل کرا سکے تو اس کے لیے اپنے اکاﺅنٹ کے سیٹنگز اینڈ پرائیویسی کے آپشن میں جائیں اور وہاں سے ’میموریلائزیشن سیٹنگز‘ میں جا کر اپنے اس دوست کا نام ٹائپ کرکے ’ایڈ‘ کر دیں۔ اب آپ کا یہ دوست آپ کا ’لیگیسی کنٹیکٹ‘ (Legacy contact)بن جائے گا جو باآسانی آپ کے اکاﺅنٹ کو بند کرا سکے گا یا میموریل اکاﺅنٹ میں تبدیل کرا سکے گا۔

کویتی حکام کا پاکستانی ایئر لائنز کو آپریشن کی اجازت دینے سے انکار
انسٹاگرام اور ٹوئٹر اکاﺅنٹس کو بھی آپ اسی طرح بند کرا سکتے ہیں یا میموریل اکاﺅنٹ میں تبدیل کرا سکتے ہیں۔ انسٹاگرام پر اس پراسیس کے لیے اس لنک (https://help.instagram.com/contact/452224988254813) پر جائیں۔ ٹوئٹر پر یہ پروسیجر کچھ مختلف ہے۔ اس پلیٹ فارم پر آپ کو پیشگی فارم کی بجائے اس لنک (https://help.twitter.com/en/forms/privacy) پر جا کر مدد کی درخواست کرنی ہو گی، جس پر ٹوئٹر کا نمائندہ آپ سے رابطہ کرے گا اور آپ سے آپ کے متعلق اور مرنے والے شخص کے متعلق تصدیقی دستاویزات اور معلومات مانگے گا۔ان میں آپ کے آئی ڈی کارڈ کی نقل اور مرنے والے شخص کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی کاپی شامل ہوں گی۔ اس کے بعد اس شخص کا اکاﺅنٹ ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔

Facebook Comments