اتوار 12 مئی 2024

ماسک پہننا، ایک دوسرے سے دور رہنا زندگی کا معمول بنائیں: وزیراعلیٰ سندھ

ماسک پہننا، ایک دوسرے سے دور رہنا زندگی کا معمول بنائیں: وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے دوران ماسک پہننا اور ایک دوسرے سے دور رہنا زندگی کا معمول بنائیں۔

مراد علی شاہ نے سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج اچھی خبر نہیں ہے، کورونا کے 383 نئے کیس سامنے آئے، 24 گھنٹوں میں 383 کیسز پہلی بار رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں 3 مریض کورونا کے باعث انتقال کر گئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 81 ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انتقال کرنے والے افراد سندھ میں مریضوں کا 1.8 فیصد ہے جب کہ 41 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جس میں سے 12 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اس وقت کورونا کے 3662 مریض زیر علاج ہیں جس میں سے 2432 (66 فیصد) مریض گھروں میں آئسولیٹ ہیں جب کہ 767 (21 فیصد) مریض آئسولیشن مراکز میں ہیں، کورونا کے 463 (13 فیصد) مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:’پاکستان 8 جون تک کورونا پر قابو پا سکتا ہے‘

کورونا کے حوالے سے کافی فیصلے کیے، ہو سکتا ہے کچھ غلط ہوں: وزیراعلیٰ سندھ
انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ میں کورونا کے 383 نئے کیسز میں سے سب سے زیادہ 273کراچی میں رپورٹ ہوئے، ضلع وسطی کراچی میں99، ضلع جنوبی میں 80،ضلع شرقی میں 66 کیسز ہیں۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس کے علاوہ ضلع غربی میں 20، کورنگی میں 26 اور ملیر میں 10کیسز سامنے آئے۔

انہوں نے بتایا کہ سکھر میں 17، حیدرآباد میں 7، نوشہروفیروز میں 4، خیرپور، ٹھٹھہ، بدین، مٹیاری میں دو دو جب کہ سانگھڑ ، دادو، لاڑکانہ اور جامشورو میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔

کراچی میں کاروبار کھولنے کی اجازت کے حوالے سے مراد علی شاہ نے بتایا کہ ہم نے آن لائن بزنس شروع کرنے کی اجازت دی ہے، تمام کاروباری حضرات ایس او پیز پر عمل درآمد کو لازمی بنائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ماسک پہننا، ایک دوسرے سےدور رہنا زندگی کا معمول بنائیں تاکہ کورونا کی وبا سے خود بھی بچا جا سکے اور دوسرے بھی محفوظ رہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا کیسز روزبروز بڑھتے جارہے ہیں، اب تک متاثرین کی مجموعی تعداد 13106 ہوچکی ہے جس میں سے 4615 کا تعلق سندھ سے ہے جب کہ صوبے میں اب تک 81 مریض بھی انتقال کر چکے ہیں۔

Facebook Comments