اتوار 19 مئی 2024

راولپنڈی: مخالف گروپ کی فائرنگ سے 9 افراد ہلاک، 3 زخمی

راولپنڈی: مخالف گروپ کی فائرنگ سے 9 افراد ہلاک، 3 زخمی

راولپنڈی کے تھانہ چونترہ کی حدود میں واقع گاؤں میں مخالف گروپ کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ امتیاز گروپ اور رب نواز گروپ کے درمیان پیش آیا اور تنازع کی وجہ چند روز قبل میال گاؤں میں رب نواز گروپ سے تعلق رکھنے والی خاتون کا قتل اور دونوں گروپوں کے مابین زمین کے معاملے پر دیرینہ دشمنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ چند دن قبل ہونے والی قتل کی واردات کا بدلہ لینے پر پیش آیا۔

ان کہنا تھا کہ رب نواز گروپ کے ملزمان نے ایک گھر پر دھاوا بولا اور فائرنگ کردی جس سے 7 سالہ ایمان فاطمہ، 13 سالہ غزالہ بی بی، 16 سالہ صبیحہ خاتون، 9 سالہ فرحان ہلاک ہوئے جبکہ پانچ خواتین سلیم اختر، نثار بی بی، سدرہ بی بی، عزرہ بی بی اور عابدہ شاہین بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا گولیاں لگنے سے نور فاطمہ، عثمان اور ابراہیم زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد سی پی او راولپنڈی احسن یونس نے ایلیٹ کمانڈوز کو موقع پر روانہ کیا اور سینیئر افسران کے ہمراہ خود بھی موقع پر پہنچے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ علاقے کا محاصرہ کر کے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں دیرینہ دشمنی اور خاندانی تنازعات کے باعث قتل کے واقعات آئے روز پیش آتے ہیں۔

تاہم ایسے واقعات کے بعد اکثر ملزمان روپوش ہوجاتے ہیں اور پولیس کی جانب سے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے چند کیسز ہی سامنے آئے ہیں۔

Facebook Comments