اتوار 19 مئی 2024

ظالم مالک مکان کا 7 سالہ ملازمہ پر ڈنڈوں اور راڈ سے تشدد

ظالم مالک مکان کا 7 سالہ ملازمہ پر ڈنڈوں اور راڈ سے تشدد

ڈی جی خان: ڈیرہ غازی خان میں ظالم مالک مکان نے 7 سال کی ملازمہ کو ڈنڈوں اور راڈ سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان میں کلیم اللہ نامی شخص کے گھر ملازمہ فرزانہ سنجرانی رہائش پذیر تھی، ملزم نے ملازمہ پر ڈنڈوں اور راڈ سے بدترین تشدد کیا، جس کے باعث سات سالہ بچی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم اس کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے، پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب نے 7 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے، انھوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچی پر تشدد کے ذمہ دار کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ معصوم بچی پر تشدد انتہائی افسوس ناک اور سماجی المیہ ہے، 7 سالہ بچی پر تشدد کی خبر سے بہت دکھ پہنچا، کمشنر ڈیرہ غازی خان کو بچی کا علاج معالجہ کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

یاد رہے کہ 25 جولائی کو بھی کوٹ لکھپٹ میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کا ایک واقعہ سامنے آیا تھا، مالک مکان نے 20 سالہ گھریلو ملازمہ پر موبائل چوری کا الزام لگا کر تشدد کیا تھا، ملازمہ سے تفتیش اور تشدد کی خود ہی ویڈیو بھی بناتا رہا، جو بعد ازاں اس نے ملازمہ کے لواحقین کو بھیجی۔

Facebook Comments