پیر 20 مئی 2024

پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل فرنچائزز کے درمیان نیا اختلاف سامنے آ گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل فرنچائزز کے درمیان نیا اختلاف سامنے آ گیا

لاہور (دھرتی نیوز اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز میں نیا اختلاف سامنے آ گیا ہے اور بعض فرنچائز مالکان باہمی سیریز کے انٹرنیشنل نشریاتی حقوق کنٹریکٹ میں پی ایس ایل کوشامل کرنے پر خوش نہیں، انہیں یہ نہیں بتایا گیا کہ شیئر کتنا ہو گا جبکہ مشاورتی عمل میں شرکت کیلئے 2 نام مانگنے کے بعد خاموشی اختیار کر لی گئی۔ 

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے 2019ءسے 2021ءتک پی ایس ایل کے بیرون ملک میڈیا رائٹس ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای کو فروخت کئے تھے، واجبات کی عدم ادائیگی سمیت متعدد بار معاہدے کی سنگین خلاف ورزیوں کا الزام لگا کر بورڈ نے ستمبر میں یہ معاہدہ ختم کر دیا جس پرٹیک فرنٹ نے لندن کورٹ آف انٹرنیشنل آبیٹریشن سے رجوع کر لیا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی نقصانات کی تلافی کیلئے ایسا ہی کیا، مذکورہ میڈیا پارٹنر نے ہی پانچویں ایڈیشن کے لائیو سٹریمنگ رائٹس جوئے کی کمپنی کوفروخت کئے تھے۔

کئی ماہ بعد بورڈ نے معافی قبول کرتے ہوئے کوئی ایکشن نہ لینے کا اعلان کیا تھا مگر واجبات کی عدم ادائیگی پرمعاہدہ ختم کر دیا، چند ماہ قبل جاری کردہ ٹینڈر کے مطابق پی سی بی نے نومبر 2020ءسے مارچ 2023ءتک کی انٹرنیشنل کرکٹ کے ساتھ 2021ءسے 2023ءکی پی ایس ایل کے پاکستان سے باہر نشریاتی حقوق کیلئے پیشکش بھی طلب کی تھیں، افریقہ کے سوا دیگر ریجنز کیلئے مناسب بڈز نہ ملنے پر ٹینڈر منسوخ کر دیاگیا جو اب دوبارہ جاری ہوگا۔

پی ایس ایل کو باہمی سیریز سے منسلک کرنے پر فرنچائزز زیادہ خوش نہیں، پی سی بی نے کہا تھا کہ ایسا ویلیو بڑھانے کیلئے کیا گیا لیکن صرف افریقہ کیلئے ہی رائٹس فروخت ہونے پر بعض ٹیم اونرز تشویش کا شکار ہو گئے ہیں، مسلسل مالی نقصان کا شکار ٹیموں کو تھوڑی بہت رقم میڈیا رائٹس ڈیل سے ہی ملتی ہے،ذرائع نے بتایا کہ بورڈ نے پی ایس ایل کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے باہمی سیریز کے ساتھ اسے منسلک کیا،فرنچائزز سے مشاورتی عمل میں شامل ہونے کیلئے 2نام مانگے گئے تھے مگر پھر چار نام آنے پر کسی کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔

اس فیصلے سے پہلے ہی نقصان کا شکار ٹیموں کے مسائل مزید بڑھ جائیں گے، سیریز اور پی ایس ایل کی ویلیو کا فیصلہ کیسے ہوگا یہ بات بھی ابھی واضح نہیں ہے، اس حوالے سے رابطے پر ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی سمیع الحسن برنی نے کہا کہ چھٹی کے دن گھریلو مصروفیات کی وجہ سے پی سی بی کے متعلقہ آفیشلز دستیاب نہیں، ان سے بات کرنے کے بعد ہی ردعمل دیا جا سکے گا۔ 

Facebook Comments