جمعہ 26 اپریل 2024

گلگت بلتستان کو صوبہ بننا چاہیے جو نواز شریف بنا کر دے گا، مریم نواز

گلگت بلتستان کو صوبہ بننا چاہیے جو نواز شریف بنا کر دے گا، مریم نواز

مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بننا چاہیے جس کے لیے نواز شریف نے کام پورا کر لیا ہے اور یہ صوبہ بھی آپ کو نواز شریف ہی بنا کر دے گا۔

گلگت بلتستان کے علاقے چھوگام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ استور وہ جگہ ہے جہا بچے جب پیدا ہوتے ہیں تو ان کا نام نواز شریف رکھا جاتا ہے، اگر آپ محبت کرنا جانتے ہیں تو نواز شریف اور مریم نواز بھی محبت نبھانا جانتے ہیں اور یہ رشتہ میں اپنی آخری سانس تک نبھاؤں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اج جو وعدے یہاں کیے گئے ہیں اور جو کیے ھائیں گے، وہ میں، نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) آپ سے نبھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مجھے شہباز شریف کے بعد کوئی دوسرا وزیر اعلیٰ نظر آیا جس نے صحیح معنوں میں آپ کی خدمت کا حق ادا کیا اس کا نام ہے حافظ حفیظ الرحمٰن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے خطے پر قدم رکھتے ہی آپ کو چپے چپے پر نواز شریف اور حافظ حفیظ الرحمٰن کی خدمت کے آثار نظر آتے ہیں چاہے وہ سڑکیں ہوں جو 72سال میں نہیں بنیں، اسکول و کالجز کے کیمپس جو 72سال میں گلگت بلتستان کو نہیں ملے، چاہے کینسر ہسپتال ہو یا دل کا ہسپتال ہو، چاہے وہ اختیارات کی منتقلی ہو، وہ حق جو 72سال میں نہیں ملا اب آپ کو ملا بھی ہے اور مزید بھی ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بننا چاہیے جس کے لیے نواز شریف نے کام پورا کر لیا ہے، نواز شریف کا یہ انتخابی یا جھوٹا وعدہ نہیں تھا، انہوں نے آئینی اصلاحات اور آپ کے صوبے پر 3 سال کام کیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ان جھوٹوں اور جعلی کے حصے میں عوام کی کوئی بھی بھلائی نہیں ہے اور یہ صوبہ بھی آپ کو نواز شریف ہی بنا کر دے گا اور آپ کا حق بھی آپ کو نواز شریف ہی دے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے تاریخی استور کی شولٹر پاس کے لیے 250ارب روپے دیے تھے لیکن اس کے فنڈز روک دیے گئے، اس جعلی حکومت اور جعلی حکمرانوں سے ہم توقع بھی کیا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے لے کر استور تک گو نیازی گو نیازی کے نعرے لگ چکے ہیں اور جس طرح سے یہ آیا تھا، اسی طرح سے جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں استور روڈ کا ایک حصہ مکمل ہو چکا ہے اور دوسرے حصے کے لیے ٹینڈر بھی ہو چکا ہے، اب 15نومبر کو شیر پر مہر لگاؤ تاکہ اس سڑک کا باقی حصہ بھی مکمل ہو سکے۔

مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر نے کہا کہ ایک کام نہیں کرنا، لوٹوں کو ووٹ نہیں دینا کیونکہ لوٹوں کی جگہ آپ کے غسل خانے میں ہے، آُ کے پولنگ اسٹیشنز میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام یہ جانتے ہیں کہ سلیکٹر کوئی اور نہیں بلکہ سلیکٹر صرف اور صرف پاکستان کے عوام ہیں اور جب اصل سلیکٹرز جن سلیکشن آئین اور قانون بھی مانتا ہے، جتنی چاہے دھاندلی کر لو، جتنی چاہے مسلم لیگ(ن) کے لوگوں کو توڑ لو، بزدلوں کو خرید لو لیکن گلگت بلتستان کے عوام کو نہیں خرید سکتے۔

مریم نواز نے کہا کہ جعلی حخومت کے ایسے ترجمان گلگت بلتستان میں آئے ہیں کہ جب وہ منہ کھولتے ہیں تو غلاظت ٹپکتی ہے، مجھے خوشی ہے کہ ان کا اصل چہرہ عوام نے دیکھ لیا ہے اور یہاں کے عوام جانتے ہیں کہ اس گندگی اور غلاظت کو گلگت بلتستان کی سرزمین پر جگہ نہیں دینی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے کوٹ لکھپت جیل میں میرے والد کے سامنے اس وقت گرفتار کیا تھا جب میں ان سے ملاقات کے لیے گئی تھی، مجھے گرفتار کسی مقدمے کی بنیاد پر نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کی طرح سچائی کا ساتھ دینے پر گرفتار کیا گیا تھا، حق کے لیے آواز اٹھانے پر گرفتار کیا گیا تھا، غلط کو غلط کہنے پر گرفتار کیا گیا تھا، نواز شریف کے ساتھ ڈٹے رہنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

Facebook Comments