جمعہ 26 اپریل 2024

بھارتی چالوں سے خود کو دور رکھیں، شاہد آفریدی کا دیگر ممالک کو مشورہ

لاہور (دھرتی نیوز) پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ایک جرات مندانہ بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دیگر کرکٹ ممالک کو بھارت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی غلطی نہیں کرنی چاہیئے۔ ایک انٹرویو میں شاہد آفریدی نے حالیہ دورہ نیوزی لینڈ کی منسوخی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کی ساکھ کو “شدید نقصان” پہنچا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ جب دوروں کا اہتمام کرنے کی بات آتی ہے تو بہت زیادہ جانچ پڑتال ہوتی ہے۔ دورے کرنے والے ملک کے سکیورٹی ممبران مناسب تحقیقات کرتے ہیں۔ آفریدی نے کہا کہ راستوں کی وضاحت کی جاتی ہے اور تب جاکر ٹیموں کو ملک کا دورہ کرنے کے لیے گرین سگنل دیا جاتا ہے۔

آفریدی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا یکطرفہ طور پر سیریز کی منسوخی کا فیصلہ بالکل غلط تھا اور اسے برداشت نہیں کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے کرکٹرز کو پاکستان میں پسند کیا جاتا ہے اور ان کے لیے ایسا کرنا ناقابل معافی ہے۔ اگر کوئی ممکنہ خطرہ تھا تو انہیں پی سی بی کے ساتھ شیئر کرنا چاہیے تھا اور پاکستانی سکیورٹی فورسز کا انتظار کرنا چاہیے تھا تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ شاہد آفریدی نے اس رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جعلی خطرہ بھارت سے شروع ہوا تھا اور یہ پاکستان کو بدنام کرنے کی چال تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم بڑی تصویر دیکھیں تو یقینا ہم سب دیکھ سکتے ہیں کہ اس ایجنڈے کے پیچھے کون ہے۔ ان جعلی ای میلز پر زیادہ توجہ نہیں دی جانی چاہیے اور پڑھے لکھے ممالک کو لازم ہے کہ وہ خود کو پاک بھارت جھگڑے سے دور رکھیں اور اپنے فیصلے خود کریں۔ 44 سالہ شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ آئی سی سی کی بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ ان معاملات کو حل کرے اور ایک مضبوط فیصلہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ گورننگ باڈی کو خاموش نہیں بیٹھنا چاہیے جب کہ پاکستان مشکلات کا شکار ہے اور ٹیمیں بغیر کسی ثبوت اور نتائج کے اپنے دورے منسوخ کرتی رہیں۔ کچھ حلقوں کی جانب سے تجویز دی جارہی ہے کہ پاکستان کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے میچ کا بائیکاٹ کرنا چاہیے لیکن آفریدی نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے پرفارمنس اور میچ جیت کر اپنے ناقدین کو جواب دینا چاہیے، ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ہم ورلڈ کپ میں کیویز کیخلاف بہترین کھیل پیش کریں۔

Facebook Comments