ھفتہ 27 اپریل 2024

عامر اور افغان کرکٹر نوین کی تکرار کس بات پر ہوئی؟ پاکستانی پیسر کے بعد نوین الحق کا موقف سامنے آگیا

عامر اور افغان کرکٹر نوین کی تکرار کس بات پر ہوئی؟ پاکستانی پیسر کے بعد نوین الحق کا موقف سامنے آگیا

لاہور (دھرتی نیوز اسپورٹس ڈیسک) سری لنکا پریمیئر لیگ میں فاسٹ بولر محمد عامر اور افغان کرکٹر نوین الحق کے درمیان تکرار کی وجہ سامنے آگئی۔ سری لنکا پریمیئرلیگ میں کینڈی ٹسکر کے افغان بولر نوین الحق اور گال گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر محمد عامر کے درمیان گراؤنڈ میں گرما گرمی ہوئی تھی اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی تھی تاہم کھلاڑیوں نے بیچ بچاؤ کرایا تھا۔

اسی میچ کے اختتام پر گال گلیڈی ایٹرز کے کپتان شاہد آفریدی نے نوین الحق کو آنکھیں دکھاتے ہوئے معاملہ حل کرنے کا کہا تھا جبکہ یہ مناظر کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیے تھے۔ 

اس واقعے کے بعد شاہد آفریدی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مشورہ ہے کہ اپنا گیم کھیلیں اور گالیوں سے اجتناب کریں، افغان ٹیم میں ان کے کئی دوست بھی ہیں اورہمارے اچھے تعلقات بھی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ساتھی اور مخالف کی عزت کرنا اس کھیل کا بنیادی اصول ہے۔ شاہد آفریدی کی ٹوئٹ کے جواب میں افغان کرکٹر نوین الحق نے دعویٰ کیا کہ محمد عامر نے توہین آمیز جملے کسے تھے۔ 

اپنی ٹوئٹ میں افغان بولرنے دعویٰ کیا کہ ہمیشہ نصیحت لینے اور عزت دینے کیلئے تیار رہتا ہوں، کرکٹ جینٹل مینز گیم ہے لیکن اگر کوئی کہتا ہے کہ آپ ہمارے پاؤں کے نیچے رہتے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے تو یہ صرف مجھے نہیں بلکہ میری قوم سے متعلق بھی ہے۔

اس کے ساتھ افغان کرکٹر نے عزت دو اوربدلے میں عزت لو کے ہیش ٹیگ کا استعمال کیا۔

دوسری جانب محمد عامر نے افغان کرکٹر نوین الحق کے الزامات کی سختی سے تردید کی اور انہیں جھوٹا قرار دیا۔

عامر کا کہنا ہے کہ نوین الحق جھوٹ کہہ رہے ہیں، انہوں نے ان کے یا افغانستان کے بارے میں کوئی بھی منفی بات نہیں کہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ نوین مجھے مسلسل گالیاں دے رہے تھے ، وہ مجھے غدار کہہ کر پکارا تھا، ساتھ ہی انہوں نے مجھے کہا تھا کہ مجھے 5 سال کیلئے جیل جانا چاہیے۔

Facebook Comments