میری کامیابی کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے؟؟ محمد رضوان کے منہ زبانی
لاہور(دھرتی نیوز )قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار کھلاڑی محمد رضوان نے رواں سال عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے ۔ایک کلینڈر ائیر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے محمد رضوان نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق کو دے دیا ۔
محمد رضوان نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ میری کامیابی کا کریڈٹ گزشتہ مینجمنٹ کو جاتا ہے جس میں مصباح الحق ، وقار یونس ، شاہد اسلم اور کپتان بابر اعظم شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ مینجمنٹ آئی تو انہوں نے میرا بیٹنگ آرڈر اوپر کردیا جو مجھے سوٹ کرگیا اور میں نے پورے سال اچھا پرفارم کیا۔
خیال رہے کہ محمد رضوان سے قبل آصف علی نے بھی ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی کا کریڈٹ مصباح الحق کو دیا تھا۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں محمدرضوان نے ایک سال میں 2 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔
واضح رہے کہ چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ کی آمد پر مصباح الحق اور وقار یونس نے اپنے عہدوں سے استعفے دے دئیے تھے تاہم ابھی تک یہ عہدے خالی ہیں ۔
Facebook Comments