ھفتہ 04 مئی 2024

ایل جی نے جراثیم مارنے والا روبوٹ پیش کردیا

جراثیم

معروف کمپنی ایل جی نے ایسا خودکار روبوٹ متعارف کرایا ہے جو الٹرا وائلٹ روشنی کو استعمال کرکے چیزوں کی سطح کو جراثیموں سے پاک کرتا ہے۔

اس روبوٹ کو متعارف کرانے کا مقصد کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام میں مدد فراہم کرنا ہے۔

اس روبوٹ کو کلوئی یو وی۔ سی کا نام دیا گیا ہے جو مخلتف مقامات میں زیادہ چھوئی جانے والی چیزوں کی سطح کو الٹرا وائلٹ روشنی سے جراثیموں سے پاک کرتا ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی نمائش سی ای ایس کے موقع پر اسے متعارف کرایا گیا اور کمپنی کے مطابق یہ ہوٹلوں، ریٹیل مراکز، دفاتر اور تعلیمی اداروں کے لیے بہترین ہے، جہاں لوگوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے اور لاتعداد چیزوں کو چھوا جاتا ہے۔

اس سے قبل ایل جی نے گزشتہ سال ایل اسمارٹ فیس ماسک بھی متعارف کرایا تھا جسے کمپنی نے ویئرایبل ایئر پیوریفائر قرار دیا تھا۔

ایل جی کے مطابق یہ روبوٹ اس وقت تیار کیا گیا ہے جب مختلف مقامات کی صفائی اولین ترجیح بن چکی ہے۔

Facebook Comments