پیر 20 مئی 2024

پی ایس ایل، تماشائیوں کو سٹیڈیم داخلے کی اجازت مل گئی، خوشخبری آ گئی

پی ایس ایل

اسلام آباد (دھرتی نیوز اسپورٹس ڈیسک) نیشنل کمانڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے دوران 20 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہونا ہے جس کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ سمیت تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور سٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کا سلسلہ بھی جاری ہے تاہم کورونا وباءکے باعث تماشائیوں کی سٹیڈیم داخلے سے متعلق معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حکومت سے رابطہ کر رکھا تھا۔

این سی او سی نے اس حوالے سے فیصلہ کرتے ہوئے 20 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دیدی ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے تمام ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے پلان بھی تیار کر لیا ہے۔

پی سی بی حکام سے ٹکٹ بیچنے والی تین کمپنیوں کے افسران کی ملاقات بھی ہو چکی ہے اور منصوبے کے مطابق شائقین میں کم از کم دو سیٹوں کا فاصلہ ہو گا البتہ فیملی کے ممبران کو ایک ساتھ بیٹھنے کی اجازت ہو گی۔

ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت 10 فروری سے شروع ہونے کا امکان ہے اور کوویڈ 19 کی وجہ سے اس مرتبہ صرف آن لائن ٹکٹیں بیچنے کا پلان زیر غور ہے جبکہ کم شائقین کی انٹری کی وجہ سے قیمتوں کے نرخ بھی تھوڑے زیادہ ہوں گے۔

Facebook Comments