پیر 20 مئی 2024

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کوچ معین خان نے پی ایس ایل میں شامل ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

کراچی (دھرتی نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کوچ معین خان نے کہا ہے کہ کرس گیل دنیا کی کسی بھی ٹیم میں ہوں فرق پڑتا ہےلیکن بد قسمتی کی بات ہے کہ وہ ابتدائی طور پر صرف دو میچ ہی کھیل سکیں گے ،اس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز ٹیم کو جوائن کریں گے،لوگوں کی اعظم خان سے توقعات بہت بڑھ گئی ہیں،امید ہے کہ وہ اچھا پرفارم کرے گا ،کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم اچھی کمپوز ہو گئی ہے ،یقین ہے کہ اس مرتبہ ٹائٹل جیتیں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق سٹار وکٹ کیپر معین خان نے اپنے بیٹے اعظم خان کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی اعظم خان سے توقعات بہت بڑھ گئی ہیں،کوئی بھی پلیئر جب اچھا کھیلتا ہے تو یقینی طور پر لوگوں کی توقعات بڑھ جاتی ہیں ،ٹی ٹین ،ایل پی ایل اور پی ایس ایل کے سیزن فائیو میں بھی اس نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ،مجھے امید ہے کہ وہ اپنی فٹنس پر خصوصی توجہ دے گا تاکہ وہ تسلسل کے ساتھ پرفارم کر سکے ، اسے اپنی ذمہ داری کا احساس ہے اسی لئے اب وہ بہت محنت کر رہا ہے،یہ اس کے کیرئیر کے لئے بھی ضروری ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پچھلے دو سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر میں بہتر پرفارم نہیں کر سکی تھی لیکن اس دفعہ ہماری تیاری اچھی ہے اور کوشش کریں گے کہ رواں سیزن میں ہم ٹائٹل جیتیں،اس دفعہ ٹیم بہت اچھی کمپوز ہوئی ہے،سینئر پلیئر واٹسن ریٹائرڈ ہو گئے تھے ،وہ کرکٹ نہیں کھیل رہے تھے جس کی وجہ سے ہم نے کرس گیل کو لیا ہے،وہ ٹی 20 کے ایک سینئر پلیئر ہیں اور انہوں نے اس فارمیٹ میں 14 ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں،ٹم بینٹن کو لیا ہے جو کہ ٹی 20 فارمیٹ میں بہت اچھے اوپنر ہیں اور کئی ریکارڈ ان کے پاس موجود ہیں ،افغان رائٹ آرم لیگ سپنر قیس ایک ایسا پلیئر ہے جس نے دنیا کی کافی ساری لیگز میں اچھا پرفارم کیا ہے اور کرنٹ فارم بھی بہت اچھی ہے اس کی ،ڈیل پاٹ لیفٹ آرم بلے باز کی کمی کو پورا کریں گے ،میں سمجھتا ہوں کہ اس دفعہ ہماری اچھی ٹیم بن گئی ہےاور ہماری پوری کوشش ہو گی کہ ٹائٹل جیتیں۔

Facebook Comments