ھفتہ 27 اپریل 2024

پی ایس ایل ملتوی ہونے کا معاملہ، شعیب اختر نے وزیراعظم سے بڑا مطالبہ کر دیا

لاہور (دھرتی نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا چھٹا ایڈیشن ملتوی ہونے پر سابق کرکٹرز بھی غمزدہ ہیں اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے وزیراعظم عمران خان سے اس معاملے کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق شعیب اختر نے انتظامی غفلت کے سبب پی ایس کا چھٹا ایڈیشن ملتوی ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ہماری کرکٹ کی ساکھ خراب ہوئی، لوگوں کی زندگیوں اور ملک کی عزت سے کھیلا گیا، میں وزیراعظم عمران خان اور اعلیٰ حکام سے درخواست کرتا ہوں کہ اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے تحقیقات کروائیں۔

 انہوں نے کہ بائیو ببل کو محفوظ بنانا میڈیکل پینل کی ذمہ داری تھی، مکمل چھان بین کرتے ہوئے ذمہ داروں کو سامنے لایا جائے، میڈیکل پینل کو کسی صورت معافی نہیں ملنا چاہیے، پی سی بی نے ٹیموں کے قیام کیلئے الگ سے پورا ہوٹل کیوں بک نہیں کروایا؟ وہاں شادیاں ہو رہی تھیں، لوگ بال کٹوا رہے تھے، ڈیرن سیمی اور وہاب ریاض بائیوببل سے باہر کیوں گئے،پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی ان سے کیسے ملے، میڈیکل پینل میں ایسے ڈاکٹر ہیں جنہیں ایکسرے دیکھنا تک نہیں آتا۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ٹیپ بال کرکٹ کا بھی تجربہ نہ رکھنے والے پی ایس ایل جیسی بڑی لیگ کا انعقاد کروا رہے ہیں، سارا ملبہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) وسیم خان پر ڈالا جا رہا ہے، ان کو لانے والے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کہاں ہیں؟کیا یہاں جواب دینا وسیم کی ذمہ داری تھی، احسان مانی کو ہونا چاہیے تھا۔

Facebook Comments