بدہ 08 مئی 2024

پنجاب حکومت نے ایکسپورٹرز کو بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور(دھرتی نیوز)پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ایکسپورٹرز ہمارے سروں کا تاج ہیں جو قوم کے لیے قیمتی زر مبادلہ کماتے ہیں،ایکسپورٹرز پنجاب کی صنعت, تجارت و زراعت میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتے ہیں،ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں حل کرائیں گے۔

‏پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام برآمد کنندگان کے مسائل کےحل اور اس شعبہ کی ترقی و ترویج کیلئے منعقدہ پروگرام “پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ” میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان نے شرکت کرنے والوں کو خوش آمدید کہا،اس موقع پر وزیر برائے انڈسٹری میاں اسلم اقبال، وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت اور سی ای او پبٹ ڈاکٹر ارفع اقبال بھی موجود تھی جبکہ تقریب میں لاہور چیمبر آف کامرس سمیت سیالکوٹ، گجرات ،گجرانوالا فیصل آباد،ملتان چیمبر اور دیگر شہروں کے چیمبر آف کامرس کے صدور، نائب صدور، تاجر، اور صنعت کار بھی شریک تھے۔تقریب میں موجود شرکاء نے پنجاب کی تمام ڈرائی پورٹس کو فعال کرنے، ٹیکسٹائل پالیسی کی جلد منظوری، سیالکوٹ میں ٹیکنیکل یونیورسٹی اور ایکسپو سنٹر کے قیام، سرجیکل سیکٹر میں لیبر کی عدم دستیابی بائیو ٹیکنالوجی ویلیج کے قیام اور ہینڈ کرافٹس کو ڈیوٹی فری کرنے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

 سردار تنویر الیاس نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کو ترویج دینے کے لئے کوشاں ہیں،ان کے ویژن کے مطابق ایکسپورٹرز کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے، پنجاب حکومت سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ حکومت کی زبردست معاشی پالیسیوں اور سرمایہ کار دوست ماحول کی وجہ سے پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاری آ رہی ہے، موجودہ حکومت نے ایک سال میں نئے سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لیے سات این او سی جاری کر دئیے ہیں۔

 صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ اور گجرات کو میٹرو پولیٹن کا درجہ دیں گے اورہر ضلع کو ضرورت کے مطابق انڈسٹریل زون اور ایس ایم ایس سینٹرز مہیا کیے جائیں گے، ون ونڈو سروسز کوتیزتربنانے کے لیے وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم پورٹل سے منسلک کیا جائے گا کیونکہ معاشی بحالی کے لیے حکومت پنجاب کا بیشتر انحصار نجی شعبہ پر ہے ۔

چئیرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان نے وزیر برائے انڈسٹری میاں اسلم اقبال، وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت اور دیگر افسران کا ڈائیلاگ میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ اور وزیر انڈسٹری کے تعاون اور بہتر پالیسیوں سے ایکسپورٹرز اور سرمایہ کاروں کو کورنا وبا کے دوران بہت فائدہ ہوا۔

Facebook Comments