بدہ 08 مئی 2024

کراچی کنگز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 157 رنز کا ہدف

کراچی کنگز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 157 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے پانچویں میچ میں کراچی کنگز  نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  کو جیت کے لیے 157 رنز کا ہدف دیا ہے۔

کراچی کنگز  کی جانب سے میچ کا آغاز اوپننگ بلے باز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کیا۔

 ابتدائی اوورز میں کوئٹہ کے بولر نسیم شاہ نے بابراعظم کے آؤٹ کی اپیل کی، امپائر کے ناٹ آؤٹ قرار دینے پر گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ریویو لے لیا۔

امپائر کے فیصلے پر ریویو کے دوران سافٹ ویئر کی خرابی کے باعث الٹرا ایج اور اسنیکو میٹر نہیں چل سکا، جس کے باعث امپائر نے اندازے کی بنیاد پر بابراعظم کو ناٹ آؤٹ قرار دیدیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے شراکت داری سے 31 رنز  بنائے جس کے بعد بابر اعظم 26 رنز پر ٹائمل ملز کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

بابر اعظم کے بعد شرجیل خان کا ساتھ دینے کے لیے ایلکس ہیلز میدان میں اترے مگر  شرجیل خان پچ پر کھڑے نہ رہ سکے اور محمد نواز کی بال پر آؤٹ ہوگئے۔

بعدازاں ایلکس ہیلز  نے 27 بالوں پر 26 رنز بنائے لیکن وہ محمد حسنین  کا شکار بن کر پویلین لوٹ گئے، کیمرون ڈیلپورٹ نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا مگر وہ بھی بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے اور 22 رنز بنا کر سہیل خان کی بال پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ویلٹن 4 بالوں پر صرف 1 رن بنا سکے جب کہ کپتان عماد وسیم 10 بالوں پر 8 رن بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

افتخار احمد نے 18 بالز پر 25 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور بڑھایا مگر وہ بھی ناکام رہے اور محمد حسنین کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔

آخر میں کرس جارڈن نے 14 اور عمید آصف نے 9 رنز بنائے جب کہ محمد عامر صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر  156 رنز بنا کر  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 157 رنز کا ہدف دیا۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

اس موقع پر کپتان عماد وسیم نے کہا کہ کراچی کا کراؤڈ ہمیشہ ہمارے لیے بہت اچھا رہا ہے، اگر ہم آج 170 اسکور کرلیں تو میچ اچھا ہوگا، ہماری بولنگ بھی اچھی ہے۔

 ٹیم میں تبدیلی کے حوالے سے عماد وسیم نے بتایا کہ صرف ایک تبدیلی کی ہے اور محمد رضوان کی جگہ  ایلکس ہیلز کو شامل کیا گیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کراچی کے خلاف کھیل رہے ہیں اچھا لگ رہا ہے، کراچی کی ٹیم اچھی ہے، ٹاپ کلاس کرکٹ کھیلنےکی کوشش کریں گے، ہمیں جلدی وکٹیں لینی پڑیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج تین غیرملکی کھلاڑیوں سے کھیل رہے ہیں اور ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔

سرفراز نے بتایا کہ گلیڈی ایٹرز میں احسان علی کی جگہ نسیم شاہ اور فواد احمد کی جگہ انور علی کو شامل کیا گیا ہے۔

Facebook Comments