اتوار 19 مئی 2024

3وکٹیں گرنے کے بعد ڈنک اور پٹیل ڈٹ گئے، قلندرز کی سنچری مکمل

3وکٹیں گرنے کے بعد ڈنک اور پٹیل ڈٹ گئے، قلندرز کی سنچری مکمل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف لاہور قلندرز کی بیٹنگ جاری ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے 16ویں میچ میں لاہور قلندرز کی طرف سے فخر زمان اور کرس لِن نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 36رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد فخر زمان ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہو کر صرف 14رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اسکور 49 تک پہنچا ہی تھا کہ محمد حسنین نے ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے آسٹریلیا سے آئے کرس لِن کی اننگز کا خاتمہ کردیا لیکن قلندرز کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب اگلے اوور میں محمد حفیظ پہلی ہی گیند کر شین واٹسن کے شاندار کیچ کے نتیجے میں پویلین واپسی پر مجبور ہو گئے۔

اس کے بعد بین ڈنک اور سمیت پٹیل کی جوڑی وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں نصف سنچری شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔

بین ڈنک نے نسبتاً جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اپنی نصف سنچری اسکور کی اور محمد نواز کو ایک اوور میں 4 چھکے لگائے۔

قلندرز نے اب تک 17اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 171رنز بنائے ہیں۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وکٹ میں ابتدا میں تھوڑی نمی ہوتی ہے جس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے اور کم سے کم رنز تک محدود کر کے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

سرفراز نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور سہیل خان کی جگہ فواد احمد کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے اور کوشش کریں گے کہ اتدائی 6اوورز میں تیزی سے اسکور کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس وکٹ پر 160-170رنز اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔

لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور ڈیوڈ ویزے، معاذ خان اور ڈین ویلاس کی جگہ سکیگو پرسنا، محمد فیضان اور بین ڈنک کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

لاہور قلندرز: سہیل اختر(کپتان)، کرس لِن، محمد حفیظ، فخر زمان، بین ڈنک، محمد فیضان، سمیت پٹیل، سکیگو پرسنا، سلمان ارشاد، شاہین شاہ آفریدی، دلبر حسین

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، جیسن روئے، شین واٹسن، احسان علی، سرفراز احمد، اعظم خان، بین کٹنگ، انور علی، محمد نواز، فواد احمد، محمد حسنین اور نسیم شاہ

Facebook Comments