پیر 20 مئی 2024

وہ واحد مسلمان ملک جس کے آگے واٹس ایپ کی انتظامیہ نے بھی گھٹنے ٹیک د ئیے، ڈیٹا شیئرنگ پالیسی کو معطل کرنے کا اعلان

انقرہ (دھرتی نیوز) ترکی میں واٹس ایپ کی نئی ڈیٹا شیئرنگ پالیسی کو معطل کرتے ہوئے ترک صارفین پر اس کا اطلاق نہ کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

ڈیلی صباح کے مطابق واٹس ایپ کی طرف سے جنوری کے آغاز میں نئی پرائیویسی پالیسی کا اعلان کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ جوشخص اس پالیسی سے ’اتفاق‘ نہیں کرے گا اس کا اکاﺅنٹ ختم کر دیا جائے گا۔ اس پر ترکی میں نہ صرف واٹس ایپ کی متبادل ایپلی کیشن متعارف کرا دی گئی بلکہ فیس بک اور واٹس ایپ کی ڈیٹا شیئرنگ پالیسی کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا، جس کے بعد ترکی دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں واٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی لاگو نہیں ہو گی۔

 ترکی کے مسابقتی بورڈ کی جانب سے نئی پالیسی کے اطلاق کو معطل کیا گیا ہے اور اگر ترک صارفین اس پالیسی کو قبول بھی کر لیتے ہیں تو بھی اس پر عملدرآمد بورڈ کی فیس بک اور واٹس ایپ کی ڈیٹا شیئرنگ پالیسی کے خلاف جاری تحقیقات مکمل ہونے تک نہیں ہو سکے گا۔اس حوالے سے پاکستان میں بھی وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ حکومت شہریوں کی پرائیویسی کے تحفظ کے لیے سخت قانون لانے پر غور کر رہی ہے۔

Facebook Comments