جمعرات 02 مئی 2024

کراچی میں کورونا وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق

کراچی میں کورونا وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق

کراچی میں کورونا وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد سندھ میں مجموعی تعداد 4 اور پاکستان میں 7 ہوگئی ہے جبکہ ایک مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے میڈیا کنسلٹنٹ عبدالرشید چنا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ کی صدارت میں کورونا وائرس کے ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں تمام متعلقہ وزرا اور افسران شریک ہوئے۔

اجلاس کو بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے آج 4 ٹیسٹ کیے گئے تھے جس میں سے ایک مثبت آیا ہے اور اس کا تعلق کراچی سے ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے، محکمہ صحت سندھ نے ٹیسٹ کے لیے مجموعی طور پر 107 نمونے حاصل کیے تھے جس میں 4 مثبت آئے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ 4 کیسز میں سے ایک صحت یاب ہوکر گھر چلا گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جو افراد پاک-ایران سرحدی علاقے تفتان سے آرہے تھے اُن کا پروگرام آج منسوخ ہوگیا اور اب وہ کل شام 5 بجے تفتان سے روانہ ہوں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک مثبت کیس سامنے آیا ہے اس کے تمام قریبی اور رابطے میں رہنے والوں کو چیک کیا جائے اور سکھر میں کیے گئے انتظامات کا دوبارہ جائزہ لیا جائے جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے کمشنر سکھر کو ضروری ہدایات دیں۔

ادھ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے بھی کورونا وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق کی۔