پی ایس ایل سیزن 6 کے فائنل میچ سے قبل پشاور زلمی کو بڑا جھٹکا لگ گیا ، دو اہم ترین کھلاڑیوں کو باہر کر دیا گیا
ابو ظہبی (دھرتی نیوز )پاکستان کرکٹ بورڈ نے بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر پشاور زلمی کے حیدر علی اور عمید آصف کو معطل کر دیاہے ، حیدر علی دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے بھی باہر ہو گئے ہیں جبکہ ان کی جگہ صہیب مقصود بطور متبادل کھلاڑی سکواڈ کا حصہ بن گئے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بور ڈکی جانب سے جاری کر دہ بیان میں کہا گیاہے کہ بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر پشاور زلمی کے دو کھلاڑیوں کو معطل کر دیا گیاہے ، ان دونوں کھلاڑیوں کو آج ہونے والے ایونٹ کے فائنل میں شرکت کی اجازت نہیں ہو گی ، دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف ببل کے باہر موجود افراد سے ملاقات کی بلکہ وہ ان افراد سے مقررہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں بھی ناکام رہے ، دونوں کھلاڑیوں نے لیگ کے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کا اعتراف کر لیاہے ۔
بدھ کے روز پیش آنے والے اس واقعہ پر ٹورنامنٹٓ کے کورونا مینجمنٹ پینل نے دونوں کھلاڑیوں کی معطلی سے متعلق فیصلہ جمعرات کو کیا ، اس پینل میں بیرسٹر سلمان نصری ، اور بابر حامد شامل ہیں ۔
اس واقعہ کے بعد یہ دونوں کھلاڑی اپنے سکواڈ میں شامل کسی بھی رکن سے نہیں ملے اور اب دونوں کرکٹرز روم آئسولیشن میں جا چکے ہیں ۔علاوہ ازیں بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر حیدر علی قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے بھی باہر ہو گئے ہیں ، ۔
Facebook Comments