اتوار 19 مئی 2024

کورونا ویکسین کی تیاری اور تقسیم کا عمل تیز کرنا ہو گا، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی تیاری اور تقسیم کا عمل تیز کرنا ہو گا۔

اقوام متحدہ کے اعلی سطح سیاسی فورم سے ورچوئل خطاب میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ ویکسین کے لیے ترقی پذیر ممالک کو گرانٹس دینا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے ترقی پذیر ممالک کےلیے کم از کم 150 ارب ڈالر رکھے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کو بحران سے نکلنے اور پائیدار ترقی کیلئے کم از کم 4.3 ٹریلین ڈالرز درکار ہیں۔ آئی ایم ایف اسپیشل ڈرائنگ رائٹس کا قیام عمل میں لانے کی تجویز دے چکے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قومی اور عالمی سطح پر سہہ جہتی بحران کا موثر انداز میں جواب دینے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں اور اس کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ترقی پذیر ملکوں کی مناسب مالی امداد کو متحرک کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا متاثرہ ترقی پذیر ملکوں کیلئے قرضوں کی از سر نو اسٹرکچرنگ بھی اہم پہلو ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غریب ملکوں کے اضافی ذخائر درکار مالیاتی ریلیف سے بہت کم ہے، ترقی پذیر ممالک کیلئے رعایتیں اور مالی گرانٹ دینے کے وعدے پورے کیے جانے چاہئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے سرمایہ کاری کی رفتار تیز کرنا ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا ترقیاتی نظام ترقی پذیر ممالک کیلئے قابل عمل منصوبوں میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، بدقسمتی سے اب تک ان ممالک کی رسائی مطلوبہ ہدف کے صرف 5فیصد تک ممکن ہو سکی ہے۔

Facebook Comments