اتوار 19 مئی 2024

قرآن کریم اور صحیح بخاری کے انگریزی مترجم ڈاکٹر محسن خان 94 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ، جنت البقیع میں سپردخا ک

مدینہ منورہ(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) قرآن پاک اور صحیح بخاری کے انگریزی مترجم ڈاکٹر محسن خان 94 برس کی عمر میں مدینہ منورہ میں انتقال کرگئے،مسجد نبویﷺ میں ان کی نماز جناز ہ ادا کی گئی اوراِنہیں جنت البقیع میں سپر دخاک کردیا گیا،مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر،ناظم اعلی سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے مرحوم کی دینی خدمات خصوصا قرآن اور صحیح بخاری کے انگریزی تراجم کے حوالے سے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیاہے۔

 ڈاکٹر محسن خان 1927کو افغانستان میں پیدا ہوئے,ان کا خاندان ہجرت کر کے پاکستان میں آباد ہوگیا،اُنھوں نے لاہور سے میڈیکل کی تعلیم حاصل کی اورپھر وہ لندن چلے گئے جہاں اُنھوں نے یونیورسٹی آف ویلز سے میڈیکل کی مزید اعلی تعلیم حاصل کی,اِس کے بعد مدینہ کا رخ کیا جہاں وہ درس وتدریس سے وابستہ ہو گئے۔

اِس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر محسن معروف عالم دین شیخ عبد العزیز بن عبد اللہ بن باز رحمہ اللہ کی سرپرستی اور علمی صحبت میں رہے۔علامہ ابن بازؒ ہی نے ڈاکٹر محسن کو قرآن مجید کے آسان انگریزی ترجمہ و تفسیر لکھنے پر قائل کیا۔اس کے بعد ڈاکٹر محسن نے اس عظیم کام کے لیے اپنے آپ کو وقف کر دیا۔

 انہوں نے نوبل قرآن کے نام سے قرآن مجید کا انگریزی میں ترجمہ کیا، جسے بے حد مقبولیت حاصل ہو ئی۔ اس کےبعد یہ ترجمہ و تفسیر مسلسل شائع ہوتا رہا۔اس تفسیر میں احادیث کی روشنی میں آیات کی تشریح کی گئی۔سب سے زیادہ احادیث صحیح البخاری سے اخذ کی گئیں،احادیث کی روشنی میں آیتوں کی تشریح و توضیح قرآن فہمی کا سب سے معتبر ذریعہ ہے۔اس ترجمہ و تفسیر میں زبان بھی آسان اور عام فہم استعمال کی گئی ہے۔یہ ان لغزشوں اور تسامحات سے بھی پاک ہے جو مختلف انگریزی تراجم میں پائی جاتی ہیں۔یہ معتبر ترجمہ و تفسیر ہے۔اس کے علاوہ ڈاکٹر محسن خان کا ایک اہم علمی کارنامہ یہ ہے کہ انھوں نے صحیح البخاری کا آسان زبان میں ترجمہ کیا۔اس ترجمہ کو بھی بے حد مقبولیت حاصل ہوئی۔

Facebook Comments