پیر 20 مئی 2024

داسو ڈیم پر کام کی کیا صورتحال ہے؟ فواد چوہدری نے خوشخبری سنادی

جہلم (دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے داسو ڈیم پر کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ دشمن عناصر چینیوں پر حملہ کر کے داسو ڈیم پراجیکٹ رکوانا چاہتے تھے لیکن چین نے داسو ڈیم پر کام کی رفتار مزید تیز کر دی ہے. داسو واقعہ کے پیچھے سی پیک کو ناکام کرنے کی خواہاں قوتیں کارفرما ہیں، ان عناصر کو جلد شکست دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ داسو میں چینی شہریوں پر نہیں بلکہ سی پیک کے دشمن عناصر نے براہ راست چین پر حملہ کیا۔ چین سے 23 رکنی تحقیقاتی ٹیم آئی تھی، واقعے کی تحقیقات دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں۔

 خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے قریب بس حادثے‘میں چینی شہریوں سمیت 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

Facebook Comments